جہلم ۔ 4 دسمبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جہلم کے قریب پاک فوج کی فائرنگ رینج کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ملک کے سب سے بڑے نشانہ بازی کے مقابلوں ''39 ویں پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن سنٹرل میٹ'' کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا استقبال پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کیا۔ پاک فوج …
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا جہلم کے قریب پاک فوج کی فائرنگ رینج کا دورہ، 39 ویں ”پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن سنٹرل میٹ” کی اختتامی تقریب میں شرکت

مزید خبریں
جہلم ۔ 4 دسمبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جہلم کے قریب پاک فوج کی فائرنگ رینج کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ملک کے سب سے بڑے نشانہ بازی کے مقابلوں ”39 ویں پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن سنٹرل میٹ” کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا استقبال پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن میٹ کے چار ہفتوں کے دورانیہ پر مشتمل مقابلوں کے دوران 25 ایونٹس منعقد ہوئے جن میں مسلح افواج کی تینوں فورسز، ٹیم ایکس پنجاب، کے پی کے، اسلام آباد پولیس، ایئرپورٹ سیکورٹی فورس، لاہور گریژن شوٹنگ گیلری اور فیڈرل رائفل ایسوسی ایشن کے 953 نشانہ بازوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ مقابلوں میں مختلف محاذوں پر زخمی ہونے والے پاک فوج کے افسران و جوانوں نے بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ مقابلوں میں پاکستان آرمی نے انٹر سروسز فائرنگ کے مقابلوں میں سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کئے۔ صدر مملکت نے نشانہ بازی کے مقابلوں کی مختلف کیٹیگریوں میں فاتح اور دوسرے نمبر پر آنے والے نشانہ بازوں میں ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کئے۔ منگلا کور کے سپاہی محمد ندیم نے ”دی ماسٹر ایٹ آرم ٹرافی” کا اعزاز اپنے نام کیا جبکہ پاک فوج کی ٹیم کے لیفٹیننٹ کرنل (ر) ادریس رشید نے ”دی پریذیڈنٹس کپ نیشنل چیلنج میچ ٹرافی” حاصل کی۔ مقابلوں میں پاک بحریہ دی پرائم منسٹر ”سکل ایٹ آرمز” بگ بور نیشنل چیلنج میچ کی فاتح ٹھہری جبکہ پاک فوج نے چیف آف آرمی سٹاف رائفل اینڈ پسٹل میچ جیتا۔ پاکستان آرمی نے چیف آف نیول سٹاف رائفل میچ اور چیف آف ایئر سٹاف پسٹل میچ دونوں اپنے نام کئے۔ سپاہی کلرک ثاقب علی خان کو دی بیسٹ شوٹ میچ ٹرافی گروپ II جیتنے کا اعزاز حاصل ہوا۔ صدر مملکت نے شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے نشانہ بازوں کی طرف سے نشانہ بازی کے اعلیٰ معیار کے مظاہرے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ نشانہ بازی فوجی کی بنیادی مہارت میں سے ہے اور یہ مہارت کسی بھی فوجی کے لئے اعزاز کا باعث ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنے قومی مقاصد کے لئے آگے بڑھتے ہوئے قومی استحکام کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔








