وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے لاہورشاہی قلعہ میں انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ

وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے لاہورشاہی قلعہ میں انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ

لاہور۔9اکتوبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے لاہور کے شاہی قلعہ میں انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔ ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق اس موقع پر مزدوروں کی فلاح و بہبود، لیبر قوانین میں اصلاحات، سماجی تحفظ، چائلڈ لیبر کے خاتمے اور خواتین کو بااختیار بنانے سمیت باہمی تعاون کے مختلف امور پر بات کی گئی۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور صوبائی وزرا نے مہمانوں کا استقبال کیا۔

عشائیے میں وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین، صوبائی وزرا میاں محمد منشا، عاشق حسین کرمانی اور کاظم علی پیرزادہ سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔آئی ایل او کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو اور ان کے وفد نے شاہی قلعہ کا دورہ بھی کیا اور تاریخی مقامات کی بحالی و تحفظ کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ترجمان کے مطابق اس موقع پر سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے وفد کو لاہور کے تاریخی ورثے کے تحفظ اور بحالی کے لیے جاری منصوبوں بالخصوص والڈ سٹی منصوبے کے تحت کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ تاریخی مقامات اور ثقافتی ورثے کی بحالی وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کا اہم حصہ ہے۔ حکومت پنجاب تاریخی ورثے کو محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ اسے آئندہ نسلوں کے لیے برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق مزدوروں کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پنجاب حکومت مزدوروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی، کم از کم اجرت پر عمل درآمد، سوشل سکیورٹی اور پیشہ ورانہ تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔سینئر وزیر نے وفد کو پنجاب میں لیبر قوانین میں اصلاحات اور صنعتی کارکنوں کی فلاح و بہبود کے لیے جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر مزدوروں کے لیے راشن کارڈ، رہائش، سماجی تحفظ اور صنعتی ورکرز کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے امور بھی زیر بحث آئے۔اجلاس میں پنجاب حکومت اور آئی ایل او کے درمیان چائلڈ لیبر کے خاتمے اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب پہلا صوبہ ہے جس نے آئی ایل او کنونشنز کے مطابق لیبر قوانین میں جامع اصلاحات کیں۔ حکومت مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں بہتر معاشی و سماجی سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔آئی ایل او کے ڈائریکٹر جنرل نے پنجاب حکومت کی جانب سے مزدوروں کی فلاح و بہبود اور لیبر اصلاحات کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے مزدوروں کے لیے راشن کارڈ اور صنعتی کارکنوں کو اپارٹمنٹس کی فراہمی سمیت فلاحی اقدامات کی بھی تعریف کی۔اس موقع پر وفد نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کو یو این ہیبی ٹیٹ کے سکرول آف آنر ایوارڈ پر مبارکباد پیش کی۔تقریب کے اختتام پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے مہمانوں کو یادگاری شیلڈز اور تاریخی ورثے کی بحالی سے متعلق کتاب پیش کی۔