اسلام آباد۔14اکتوبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہےکہ سفید چھڑی کا عالمی دن منانے کا مقصد بینائی سے محروم افراد کی جانب ہماری اجتماعی ذمہ داری کی یاد دہانی کراناہے،حکومت اُن کے حقوق کے تحفظ اور انہیں کامیاب زندگی گزارنے کے قابل بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات لیتی رہے گی۔یہ دن بصارت سے محروم افراد کی مدد اور سہولت کیلئے ضروری قانونی، انتظامی، اور بنیادی ڈھانچے کے نظام کے قیام کیلئے اپنی کاوشیں بڑھانے کا دن ہے۔
سفید چھڑی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ سفید چھڑی معذوری یا کمزوری نہیں بلکہ ہمت اور بہادری کی علامت ہے۔ یہ اس مضبوط انسانی جذبے کی علامت ہے جس کی مدد سے انسان امتحانوں اور مشکلات کا مقابلہ کرتا ہے۔ میں اس موقع پر سرکاری محکموں، غیر سرکاری تنظیموں، سول سوسائٹی، میڈیا اور تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ نابینا افراد کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اپنی کوششیں تیز کریں اور انہیں ایک پرمسرت اور آزاد انہ زندگی گزارنے کے قابل بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام کریں۔
صدرمملکت نے کہاکہ میں ہر ایک سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بصارت سے محروم افراد کا خصوصی احساس کریں اور معاشرے میں ان کی مکمل شمولیت یقینی بنانے کیلئے اقدامات کریں۔ ہمیں دوسرے مہذب ممالک میں بینائی سے محروم افراد کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو ایک نمونے کے طور پر لینا چاہیے اور اپنے ملک میں اُس معیار تک پہنچنے کیلئے فوری اور عملی اقدامات کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آئیے ، ہم نابینا افراد کی ضروریات کو پورا کرنے والے ضروری نظام اور سہولیات کی فراہمی کیلئے انفرادی اور اجتماعی طور پر اپنا کردار ادا کریں ۔
صدر نے کہا کہ میں منفرد صلاحیتوں کے حامل افراد کی بحالی کے اہم کام میں شامل تمام افراد اور تنظیموں کو سراہتا ہوں ۔ ہم سب کو بصارت سے محروم افراد کو درپیش مسائل سے نمٹنے کیلئے اپنی کوششیں تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ میں بصارت سے محروم اپنے بھائیوں اور بہنوں کو بھی یقین دلانا چاہتا ہوں کہ حکومت اُن کے حقوق کے تحفظ اور انہیں کامیاب زندگی گزارنے کے قابل بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات لیتی رہے گی۔