صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا یوم پاکستان کے موقع پر پیغام

اسلام آباد ۔ 23 مارچ (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بانیان پاکستان کی قربانیوں اور جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے نظریات پر کاربند رہنے کے عزم کی تجدید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم جمہوریت ، انصاف اور امن کے لیے پرُ عزم ہیں، ہماری منزل مقصود بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے وژن کے مطابق ایک مثالی جمہوری ریاست …

اسلام آباد ۔ 23 مارچ (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بانیان پاکستان کی قربانیوں اور جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے نظریات پر کاربند رہنے کے عزم کی تجدید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم جمہوریت ، انصاف اور امن کے لیے پرُ عزم ہیں، ہماری منزل مقصود بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے وژن کے مطابق ایک مثالی جمہوری ریاست کا حصول ہے۔انہوں نے یہ بات یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی جو (آج) ہفتہ کو جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ صدر ملکت نے 23 مارچ کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس دن برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لیے ایک ایسے علیحدہ وطن کا جمہوری مطالبہ کرنے کے لیے متحد ہونے کا فیصلہ کیا جس میں وہ اپنی زندگیاں اپنی اقدارو روایات خصوصاً انصاف ، برابری اور آزادی سے گزارسکیں۔ اس لیے اس موقع پر ہم بانیانِ پاکستان کی قربانیوں اور جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور ایک مرتبہ پھر ان نظریات پر کاربند رہنے کا عزم کرتے ہیں جو نظریہ پاکستان کی بنیاد ہےں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے غیر معمولی چیلنجز کا سامنا کیا اور سرخرو ہوا ۔قوم نے غیر معمولی حالات میں ہمیشہ استقامت کا مظاہرہ کیا ہے اور دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف مثالی کامیابیاں حاصل کی ہیں تاہم ہمیں ابھی تک سماجی و معاشرتی میدان میں چیلنجز کا سامنا ہے ۔اس لیے ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہمیں مزید محنت درکار ہے ۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ ہم جمہوریت ، انصاف اور امن کے لیے پرُ عزم ہیں۔ ہمارے پاس افرادی قوت اور قدرتی وسائل ہونے کی وجہ سے بے پناہ صلاحیتیں ہیں۔ ہماری منزل مقصود ایک ایسی مثالی جمہوری ریاست کا حصول ہے جس کا خواب قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے دیکھا تھا۔ صدر نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں یقین محکم پر کاربند رہتے ہوئے متحد ہوکر نظم و ضبط کے ساتھ محنت سے کام کرنے کا عزم کرنا چاہیے تاکہ پاکستان کو مزید مضبوط اور خوشحال بنایا جاسکے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنی رحمتوں سے نوازے۔

Leave a Reply