صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ فرنینڈا ایسپینوسا سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 18 جنوری (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ اقوام متحدہ اور اس کے چارٹر کے اصولوں کی ثابت قدمی سے حمایت کرتا رہا ہے اور اقوام متحدہ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ فرنینڈا ایسپینوسا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو …

اسلام آباد ۔ 18 جنوری (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ اقوام متحدہ اور اس کے چارٹر کے اصولوں کی ثابت قدمی سے حمایت کرتا رہا ہے اور اقوام متحدہ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ فرنینڈا ایسپینوسا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر برائے امور خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی صدر کی توجہ بھارت کے زیر قبضہ کشمیر میں بھارتی سکیورٹی فورسز کی طرف سے معصوم اور نہتے شہریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی طرف دلائی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کا قومی ایجنڈا اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف سے پوری طرح مطابقت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو فخر ہے کہ اس نے اقوام متحدہ کے امن مشنوں میں اپنی بھرپور شرکت سے عالمی امن میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کو سب کیلئے ایک بہتر، محفوظ اور زیادہ خوشحال بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ اقوام متحدہ سلامتی کونسل اصلاحات کے حوالہ سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ تمام رکن ممالک کیلئے یہ اہم معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اصلاحات کے عمل کو اتفاق رائے کی بنیاد پر آگے بڑھانے کا خواہاں ہے اور اسے تمام رکن ممالک کی خواہشات کا آئینہ دار ہونا چاہئے۔ اس موقع پر اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی صدر نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کو دنیا کی پارلیمان اور ایک ایسا ادارہ بنانے کے خواہاں ہیں جو دنیا بھر کے عوام کی ضروریات سے متعلقہ ہو۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر مس ماریہ فرنینڈا کے وژن کو سراہا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ اقوام متحدہ کو ان کے دور میں مزید مضبوط بنایا جائے گا اور تنازعات سے بچنے اور ان کے حل اور جموں و کشمیر سمیت اس کے ایجنڈے پر موجود بڑے اہم اور دیرینہ تنازعات کو حل کرنے کے سلسلہ میں قابل ذکر پیشرفت ہو گی۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی صدر کے اعزاز میں ایوان صدر میں عشائیہ بھی دیا۔

مزید خبریں