صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی ایران کے سبکدوش ہونے والے سفیر مہدی ہنر دوست سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 22 نومبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان جموں و کشمیر کے عوام کی جدو جہد آزادی کی بھرپور حمایت پر ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنائی کا شکر گزار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایران کے سبکدوش ہونے والے سفیر مہدی ہنر دوست سے گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے جمعہ کو یہاں ایوان صدر میں …

اسلام آباد ۔ 22 نومبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان جموں و کشمیر کے عوام کی جدو جہد آزادی کی بھرپور حمایت پر ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنائی کا شکر گزار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایران کے سبکدوش ہونے والے سفیر مہدی ہنر دوست سے گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے جمعہ کو یہاں ایوان صدر میں صدر مملکت سے الوداعی ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ بھارت کی فسطائی حکومت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کشمیری عوام کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے اپنی اقلیتوں کے خلاف ان کے مخاصمانہ اور پابندیوں پر مبنی رویے کا تسلسل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کی تمام کمیونیٹیز کے انسانی حقوق کی حمایت جاری رکھے گا اور اس سلسلہ میں پاکستان، ترکی اور ملائیشیا کی طرف سے انگلش ٹی وی چینل کا آغاز اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے کےلئے سنگ میل ثابت ہو گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی دوطرفہ تعلقات مذہب، ثقافت، عوام کے عوام کے ساتھ روابط اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔ انہوں نے ایران سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعاون پر مبنی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کی اہم ترجیحات کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاہم پاکستان مختلف علاقائی امور پر ایران کی مسلسل حمایت کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ سبکدوش ہونے والے ایرانی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور ایران برادر ممالک ہیں اور علاقائی امن و استحکام ان کی اولین ترجیح ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کےلئے سبکدوش ہونے والے ایرانی سفیر کی خدمات کو سراہا اور ان کے مستقبل کی ذمہ داریوں کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔