کراچی ۔ 11 ستمبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کے تعاون سے تین سال میں کراچی کے مسائل حل کئے جائیں گے، کراچی پیکیج پر کسی کو شبہ نہیں ہونا چاہئے، مربوط تعاون سے 1100 ارب روپے کے پیکیج پر عملدرآمد سے صورتحال میں بہتری آئے گی، اﷲ کی رحمت اور بحیثیت قوم کوششوں کے باعث کورونا وبا پر …
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے مزار قائد پر حاضری ، بعدازاں میڈیا سے گفتگو

مزید خبریں
کراچی ۔ 11 ستمبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کے تعاون سے تین سال میں کراچی کے مسائل حل کئے جائیں گے، کراچی پیکیج پر کسی کو شبہ نہیں ہونا چاہئے، مربوط تعاون سے 1100 ارب روپے کے پیکیج پر عملدرآمد سے صورتحال میں بہتری آئے گی، اﷲ کی رحمت اور بحیثیت قوم کوششوں کے باعث کورونا وبا پر قابو پانے میں کامیاب رہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کی برسی کے موقع پر مزار قائد پر حاضری کے بعد وزیراعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ اور گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کے تعاون سے تین سال میں کراچی کے مسائل حل کئے جائیں گے۔ کراچی پیکیج پر کسی کو شبہ نہیں ہونا چاہئے، مربوط تعاون سے 1100 ارب روپے کے پیکیج پر عملدرآمد سے صورتحال میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے تین سال یہ مربوط تعاون برقرا ر رکھنے کی ضرورت ہے، اﷲ کی رحمت سے کورونا وبا پر قابو پانے میں کامیاب رہے، حکومت نے احساس پروگرام کے ذریعے غریبوں کی مدد کی، ملک کے مخیر حضرات نے بھی اس مشکل صورتحال میں اپنا حصہ ڈالا، ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکس سٹاف نے ہمت کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران شہریوں نے نظم و نسق کا مظاہرہ کیا۔ علماءکرام اور میڈیا نے عوام میں آگاہی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا، عوام نے احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جس کے باعث ہم نے کورونا وبا کے خلاف منفرد کامیابی حاصل کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ مختلف ممالک میں یہ آراءپائی جا رہی ہے کہ پاکستانی قوم سے بہت کچھ سیکھا جا سکتا ہے، پاکستانی قوم دنیا کی کامیاب قوموں میں شامل ہونے کیلئے تیار ہے، سب متحد ہو کر قائداعظم کے خواب کی تکمیل کیلئے اس ملک کو بنانے کی جدوجہد کریں گے تو کوئی وجہ نہیں کہ کسی ملک سے پیچھے رہ جائیں گے۔ قبل ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مزار قائد پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔








