صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے دائر 81 اپیلیں مسترد

صدر مملکت ڈاکٹر عارف

اسلام آباد۔15اگست (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے دائر 81 اپیلوں کو مسترد کرتے ہوئے انکم ٹیکس آرڈیننس2001 کے سیکشن 12 کے تحت کم تنخواہ والے ملازمین کی آمدنی کو تنخواہ کی آمدنی کے طور پر ماننے کے وفاقی ٹیکس محتسب (ایف ٹی او) کے احکامات کو برقرار رکھا ہے۔

پیر کو وفاقی ٹیکس محتسب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر نے اس حوالے سے اپیلوں کو نمٹاتے ہوئے کہا کہ ایف ٹی او کا حکم درست جواز اور ٹھوس قانونی بنیادوں پر مبنی ہے۔ مزید یہ کہ ایف بی آر نے اپنے 11 اپریل 2022 کے خط کے ذریعے پہلے ہی فیصلہ کیا ہے کہ کسی بھی صورت میں چاہے،مستقل،ایڈھاک یا یومیہ اجرت اور ایمرجنسی کے طور پر ملازمت پر رکھے گئے ایسے ملازمین کی آمدنی کو انکم ٹیکس2001 کے سیکشن 12 کے تحت تنخواہ کی آمدنی کے طور پر سمجھا جائے گا۔ شکایت کنندگان کے ساتھ مختلف سلوک کرنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہتا ہے .اس طرح ایف بی آر کی اپیلیں مسترد کی جاتی ہیں ۔

شکایت کنندگان خیبرپختونخوا میں ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ (ایچ ای ڈی) کے ذریعے بھرتی کیے گئے عارضی لیکچرار تھے اور صوبے کے مختلف کالجوں میں تعینات تھے۔ “آجر کالجوں پر الزام لگایا گیا تھا کہ وہ شکایت کنندگان کو دی جانے والی معمولی تنخواہوں سے ضرورت سے زیادہ ٹیکس کاٹ رہے ہیں۔

وفاقی ٹیکس محتسب نے کم تنخواہ والے ملازمین کی شکایات کو دور کرتے ہوئے، جن کی خدمات کے پی کے میں سرکاری تعلیمی اداروں نے حاصل کی تھیں، نے ایف بی آر کو سفارش کی تھی کہ تنخواہ کی آمدنی کے طور پر پیش کی جانے والی خدمات پرادائیگی کی جائے۔