صدر مملکت کی کرغز ہم منصب اور عوام کو یومِ آزادی کے موقع پر مبارکباد

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کرغزستان کے صدر صادِر ژاپاروف اور کرغزستان کے برادر عوام کو ان کے یومِ آزادی کے موقع پر دلی مبارکباد دی ہے۔

اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کرغزستان کے صدر صادِر ژاپاروف اور کرغزستان کے برادر عوام کو ان کے یومِ آزادی کے موقع پر دلی مبارکباد دی ہے۔

پیر کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق اپنے تہنیتی خط میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کرغزستان کے ساتھ اپنے قریبی اور دوستانہ تعلقات کو بھرپور اہمیت دیتا ہے، جو مشترکہ تاریخ، ثقافتی قربت، باہمی اعتماد اور قریبی تعاون پر قائم ہیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے جولائی میں اپنے کرغزستان کے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے ذکر کیا کہ اس دورے سے 1995ء میں کرغزستان کے ان کے پہلے دورے کی خوشگوار یادیں تازہ ہوئیں اور دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا ایک اور قیمتی موقع ملا۔

انہوں نے صدر صادِر ژاپاروف کے دسمبر 2025ء میں پاکستان کے دورے کے خوشگوار لمحات کو بھی یاد کیا۔صدر مملکت نے کہا کہ دونوں مواقع پر ہونے والی مفید بات چیت سے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے پاکستان اور کرغزستان کے مشترکہ عزم کی ایک بار پھر توثیق ہوئی۔صدر مملکت نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ صدر صادِر ژاپاروف کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے قریبی روابط جاری رکھیں گے۔صدر مملکت نے صدر صادِر ژاپاروف کی صحت و خوشحالى کے ساتھ کرغزستان کے برادر عوام کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کے تسلسل کے حوالے سے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔