صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن محی الدین احمد وانی کی ایس سی او کے رکن ممالک کے نیشنل کوآرڈینیٹرز اور نمائندوں سے ملاقات

صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن محی الدین احمد وانی نے منگل کو اسلام آباد کے دورے پر آئے ہوئے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کے نیشنل کوآرڈینیٹرز اور نمائندوں سے ملاقات کی

اسلام آباد۔29ستمبر (اے پی پی):صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن محی الدین احمد وانی نے منگل کو اسلام آباد کے دورے پر آئے ہوئے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کے نیشنل کوآرڈینیٹرز اور نمائندوں سے ملاقات کی۔ ​ملاقات کے دوران صدر پی ایچ ایف نے معزز مندوبین کو پاکستان میں ہاکی کے فروغ اور بحالی کے لیے جاری کوششوں، اب تک کی پیشرفت، فیڈریشن کی جانب سے کی جانے والی اصلاحات اور قومی کھیل کے ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اقدامات سے آگاہ کیا۔ محی الدین احمد وانی نے مستقبل قریب میں اسلام آباد میں ’’ایس سی او ہاکی چیمپئن شپ‘‘ کے انعقاد کا عزم ظاہر کرتے ہوئے تجویز پیش کی جس کا مقصد ایس سی او کے تمام رکن ممالک کی ہاکی ٹیموں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے۔

​ایس سی او کے نیشنل کوآرڈینیٹرز اور نمائندوں نے اس تجویز کو سراہتے ہوئے شدید دلچسپی کا اظہار کیا اور چیمپئن شپ میں شرکت کی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے اس اقدام کو کھیل کے فروغ، عوام کے مابین روابط کو مضبوط بنانے اور رکن ممالک کے درمیان کھیلوں کے تعاون کو بڑھانے کا اہم ذریعہ قرار دیا۔ ​صدر پی ایچ ایف نے تمام معزز نمائندوں کے مثبت ردعمل پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مجوزہ چیمپئن شپ سے خطے میں ہاکی کی ترقی اور بین الاقوامی کھیلوں کے تبادلے کو نئی توانائی ملے گی۔ ​مجوزہ ایس سی او ہاکی چیمپئن شپ کے حوالے سے باقی تکنیکی تفصیلات اور مشاورت آنے والے ہفتوں میں متعلقہ رکن ممالک کے ساتھ طے کی جائے گی۔