صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے میاں امجد فرزند کو چیئرمین پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے
عظمیٰ بخاری کی میاں امجد فرزند کو چیئرمین پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن منتخب ہونے پر مبارکباد
لاہور۔29ستمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے میاں امجد فرزند کو چیئرمین پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔اپنے ایک بیان میں عظمیٰ بخاری نے پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کی مجلس عاملہ کے دیگر نومنتخب ارکان کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کا فلم انڈسٹری کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسی ایسوسی ایشن کے نمایاں چہروں نے ملکی فلم انڈسٹری کو کئی بڑی اور کامیاب فلمیں دیں۔امید ہے کہ میاں امجد فرزند کی قیادت میں پاکستان کے پروڈیوسرز مزید اچھی اور معیاری فیملی فلمیں بنائیں گے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت نے فلم انڈسٹری کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کے لیے تاریخی اور عملی اقدامات کیے ہیں۔انہوں نے فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداروں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔








