تھانہ کالوخان صوابی پولیس نےکارروائی کرتے ہوئے نوجوان کو بے دردی سے قتل کرنے والے مرکزی ملزم کو گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کر لیا
صوابی،نوجوان کو قتل کرنے والا مرکزی ملزم گرفتار، آلہ قتل برآمد

مزید خبریں
پشاور۔ 03 جولائی (اے پی پی):تھانہ کالوخان صوابی پولیس نےکارروائی کرتے ہوئے نوجوان کو بے دردی سے قتل کرنے والے مرکزی ملزم کو گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کر لیا ۔تر جمان صوابی پولیس کے مطابق تھانہ کالوخان کی حدود، دیہہ جہانگیرہ پورہ لار شیوہ آڈہ میںافسوسناک واقعہ پیش آیامقتول واقف خان موٹرسائیکل پر جا رہے تھے کہ راستے میں ایک موٹرسائیکل سوار کو احتیاط سے گاڑی چلانے کا کہا، جس پر معمولی بات تلخ کلامی میں تبدیل ہوگئی۔ ملزم نے اپنے بھائی کو فون کرکے موقع پر بلا لیا، جو پستول اور تیز دھار خنجر نما چھری سے مسلح تھے۔ دونوں ملزمان نے مقتول پر حملہ کردیا اور تیز دھار چھری کے پے در پے وار کرکے انہیں بے دردی سے قتل کر دیا، جس کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صوابی وقاص رفیق خان نے فوری نوٹس لیتے ہوئے فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی۔ ایس پی انویسٹی گیشن شفیع الرحمن خان کی سربراہی میں ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم شاہ سوار کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا۔پولیس دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارہی ہے ۔اس موقع پر ڈی پی او صوابی وقاص رفیق خان نے کہا کہ مقدمے کی تفتیش مکمل شفافیت، میرٹ اور قانون کے مطابق کی جائے گی تاکہ ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوا کر مظلوم خاندان کو انصاف فراہم کیا جا سکے۔








