صوابی کی تھانہ کالوخان پولیس نے کارروائی کے دوران قتل میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ۔
صوابی ،قتل میں ملوث 3 ملزمان گرفتار ، اسلحہ برآمد
پشاور۔ 30 جون (اے پی پی):صوابی کی تھانہ کالوخان پولیس نے کارروائی کے دوران قتل میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ۔تر جمان صوابی پولیس کے مطابق تنازعہ مستورات پر ملزمان جلال اقبال ، محمد اکرام اور مسماۃ (ب)نے مقتول امتیاز احمد کو دروازے بنانے کے بہانے اپنے گھر بلایا، جہاں اسے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کر دیا گیا۔ بعد ازاں ملزمان نے واردات کو خودکشی کا رنگ دینے کے لیے مقتول کی نعش کو اس کی دکان میں پھندے سے لٹکا دیا ،ڈی پی او صوابی وقاص رفیق کی خصوصی نگرانی میں ایس پی انویسٹی گیشن شفیع الرحمن کی سربراہی میں ڈی ایس پی سرکل رزڑ حسن خان ، ایس ایچ او تھانہ کالوخان گوہر خان اور تفتیشی ٹیم نے تکنیکی بنیادوں پر اندھے قتل کا سراغ لگا کر تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ مزید اہم انکشافات بھی متوقع ہیں۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صوابی نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں اسی عزم کے ساتھ جاری رکھی جائیں۔









