پشاور۔ 06 دسمبر (اے پی پی):صوبائی الیکشن کمشنر، خیبرپختونخوا سعید گل نے قومی ووٹرز ڈے کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ملک میں 7 دسمبر 1970 کو پہلے پارلیمانی انتخابات کی مناسبت سے ہر سال 7دسمبر کو قومی ووٹرز ڈے منایا جاتا ہے، جس کا مقصد عوام الناس میں ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے اور ہر شہری کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرکےملکی انتخابی عمل کا حصہ بننے کی جانب راغب کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے کے مختلف طبقات بشمول نوجوانوں کو قومی دھارے میں لانے کے لئے الیکشن کمیشن کی جانب سے آگاہی مہم جاری ہےجس کےتحت مختلف تعلیمی اداروں میں ووٹر آگاہی سرگرمیوں کا باقاعدگی سے انعقاد کیا جاتا ہےاور ووٹ کی رجسٹریشن اور ووٹ کے استعمال کے شعور سے آگاہی دی جاتی ہے تاکہ انتخابات میں ٹرن آوٹ میں خاطرخوا اضافہ ہو۔جناب سعید گل نے کہا مرد و خواتین ووٹوں میں موجود صنفی فرق کو کم کرنے کے لئے الیکشن کمیشن کی پارٹنر آرگنائزیشنز اور نادرا کے تعاون سے کاوشیں جاری ہیں جن میں خواتین کو ترجیحی بنیادوں پر قومی شناختی کارڈ کے اجرا اور ان کے ووٹ کے اندراج کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات لیے جارہے ہیں۔
جناب سعید گل نے خیبر پختونخوا کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے ووٹ کی تفصیلات 8300پر س ایم س بھیج کر چیک کریں اور ان میں درستگی کی ضرورت ہونے کی صورت میں متعلقہ ضلعی الیکشن کمشنر کے دفتر سے رابطہ کر کے اپنے ووٹ کے کوائف درست کروائیں تاکہ قومی اور مقامی حکومتوں کے انتخابات میں اپنا حق رائے دہی کو استعمال کرنے میں کسی بھی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔