صوبائی بجٹ بلوچستان کے عوام کی توقعات، ترقیاتی تقاضوں اورمستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا جا رہا ہے،وزیر اعلیٰ بلوچستان
صوبائی بجٹ بلوچستان کے عوام کی توقعات، ترقیاتی تقاضوں اورمستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا جا رہا ہے،وزیر اعلیٰ بلوچستان

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 15 جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت پیر کو چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں اتحادی پارلیمانی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں آئندہ مالی سال 2026-27 کے صوبائی بجٹ، ترقیاتی ترجیحات، عوامی فلاحی منصوبوں اور صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں نے بجٹ سے متعلق مختلف تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔ اس موقع پر اس بات پر اتفاق رائے پایا گیا کہ آئندہ صوبائی بجٹ کو عوامی ضروریات، زمینی حقائق اور صوبے کے پسماندہ علاقوں کی ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے مرتب کیا جائے گا تاکہ ترقی کے ثمرات معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچ سکیں۔ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت صوبے کے وسائل کو عوام کی فلاح و بہبود، روزگار کے مواقع کی فراہمی، بنیادی سہولیات کی بہتری اور پائیدار ترقی کے لیے بروئے کار لانے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، آبنوشی، مواصلات اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں مزید سرمایہ کاری حکومت کی اولین ترجیح ہے اور بجٹ میں ان شعبوں کو خصوصی اہمیت دی جائے گی۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان سے پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے پارلیمانی لیڈر میر سلیم خان کھوسہ کی قیادت میں پارلیمانی پارٹی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں آئندہ صوبائی بجٹ، سیاسی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد نے صوبائی حکومت کی کارکردگی، ترقیاتی وژن اور عوام دوست پالیسیوں کو سراہتے ہوئے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ اتحادی جماعتوں اور منتخب عوامی نمائندوں کی مشاورت سے ایسا متوازن، حقیقت پسندانہ اور عوام دوست بجٹ پیش کیا جائے گا جو عوامی امنگوں کا حقیقی ترجمان اور صوبے کی ترقی، خوشحالی اور معاشی استحکام کا ضامن ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سیاسی استحکام، باہمی مشاورت اور جمہوری روایات کے فروغ کے ذریعے بلوچستان کو ترقی کی نئی منزلوں تک پہنچایا جائے گا ۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے سردار کمال خان بنگلزئی کی قیادت میں عمائدین کے ایک وفد نے بھی ملاقات کی۔ وفد نے اپنے علاقوں کو درپیش مختلف عوامی مسائل، ترقیاتی ضروریات اور بنیادی سہولیات سے متعلق امور سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا ۔وزیراعلیٰ نے وفد کے مسائل اور تجاویز کو غور سے سنا اور متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ عوامی مسائل کا حل اور دور دراز علاقوں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام علاقوں کو یکساں ترقی کے مواقع فراہم کرنا موجودہ حکومت کے وژن کا اہم حصہ ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوامی نمائندوں، سیاسی جماعتوں، قبائلی عمائدین اور مختلف مکاتب فکر کے افراد سے مسلسل مشاورت کے عمل پر یقین رکھتی ہے تاکہ صوبے کے عوام کی حقیقی ضروریات کے مطابق فیصلے کیے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ صوبائی بجٹ بلوچستان کے عوام کی توقعات، ترقیاتی تقاضوں اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا جا رہا ہے جو صوبے میں ترقی، خوشحالی اور بہتر طرز حکمرانی کے نئے باب کا آغاز ثابت ہوگا۔








