چیئرمین سینیٹ کا ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ سفارتی پیش رفت کا خیرمقدم، دونوں ممالک کے درمیان مسلسل مذاکرات اور روابط خطے میں امن، عالمی استحکام اور معاشی خوشحالی کے فروغ کا باعث بنیں گے، سید یوسف رضا گیلانی
چیئرمین سینیٹ کا ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ سفارتی پیش رفت کا خیرمقدم، دونوں ممالک کے درمیان مسلسل مذاکرات اور روابط خطے میں امن، عالمی استحکام اور معاشی خوشحالی کے فروغ کا باعث بنیں گے، سید یوسف رضا گیلانی

مزید خبریں
اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ سفارتی پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مسلسل مذاکرات اور روابط خطے میں امن، عالمی استحکام اور معاشی خوشحالی کے فروغ کا باعث بنیں گے۔
پیر کو اپنے ایک بیان میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بدلتی ہوئی علاقائی اور عالمی صورتحال اور مختلف جغرافیائی سیاسی چیلنجز کے تناظر میں سفارت کاری تنازعات کے حل اور پائیدار امن کے قیام کا سب سے موثر اور دیرپا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان بامعنی روابط اور مذاکرات کشیدگی میں کمی، اعتماد سازی کے فروغ اور خطے میں زیادہ محفوظ اور مستحکم ماحول کے قیام میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان کے اس دیرینہ موقف کا اعادہ کیا کہ تنازعات کا حل مذاکرات، باہمی احترام، بین الاقوامی قانون کی پاسداری اور پرامن ذرائع کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ محاذ آرائی کے بجائے سفارتی روابط کی حمایت کرتا رہا ہے اور علاقائی استحکام، پرامن بقائے باہمی اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں کا حامی رہا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے اقوام کے درمیان امن اور مکالمے کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی سیاسی بصیرت، وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دور اندیش قیادت اور پاکستان کی مسلح افواج بالخصوص چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی حکمت عملی پر مبنی سوچ کی بدولت پاکستان علاقائی استحکام، کشیدگی میں کمی اور تعاون پر مبنی متوازن اور اصولی خارجہ پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
انہوں نے سفارتی حل اور اعتماد سازی کے اقدامات کو آگے بڑھانے کے لیے کام کرنے والے تمام متعلقہ فریقوں کی کوششوں کو بھی سراہا اور امید ظاہر کی کہ دانشمندی، تحمل اور مدبرانہ قیادت اس عمل کی رہنمائی کرتی رہے گی جس کے نتیجے میں تمام فریق تعمیری روابط اور باہمی مفاہمت کے ذریعے اپنے اختلافات حل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔چیئرمین سینیٹ نے امن، مذاکرات اور کثیرالجہتی تعاون کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آئندہ بھی ایسے مخلصانہ اقدامات کی حمایت جاری رکھے گا جو علاقائی ہم آہنگی کو فروغ دیں، کشیدگی میں کمی لائیں اور دنیا کو مزید پرامن، مستحکم اور خوشحال بنانے میں معاون ثابت ہوں۔







