لاہور۔24جنوری (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ کے ہمراہ پونچھ ہاوس میں بھگت سنگھ گیلری کا دورہ کیا۔اس موقع پر ڈی جی انڈسٹریز آصف علی فرخ و دیگر افسران موجود تھے۔صوبائی وزرا ءنے گیلری میں موجود فریڈم فائٹر بھگت سنگھ کی جدو جہد پر مبنی تصویری نمائش کا جائزہ لیا اور سراہا۔متعلقہ افسران نے اس حوالے سے صوبائی وزرا ءکو بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ بھگت سنگھ کی تاریخ جرات اور بہادری کی ہے۔بطور ایک پاکستانی بھگت سنگھ کی آزادی کیلئے جنگ کو سراہتا ہوں۔
بھگت سنگھ نے رضاکارانہ طور پر گرفتاری دی تھی۔بھگت سنگھ کی جرا ت مندانہ کاوشوں کو آج بھی یاد رکھا جاتا ہے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ بھگت سنگھ نے دو سال جیل میں بھی بہت کارنامے سر انجام دیئے۔ہم بھگت سنگھ کی کاوشوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ہمیں قوم کی خاطر جدوجہد کرنے والے ہر ہیرو کو عزت کی نگاہ سے دیکھنا چاہئے۔آج بھی اپنے ملک و قوم کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فائٹرز کو سلام پیش کرتے ہیں۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے بھگت سنگھ گیلری کی تزئین و آرائش پر چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان،سیکرٹری صنعت و تجارت و دیگر افسران کی کاوشوں کو سراہا۔صوبائی وزیر اقلیتی اموررمیش سنگھ اروڑہ نے کہاکہ آج ہم ایک فریڈم فائٹر بھگت سنگھ کو خراجِ تحسین پیش کرنے حاضر ہوئے ہیں۔صوبائی وزیر اقلیتی امور نے بھگت سنگھ گیلری کی تزئین و آرائش پر تمام متعلقہ محکمہ جات کو شاباش دی۔