صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا پی کے ایل آئی راولپنڈی کا دورہ

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ (پی کے ایل آئی) راولپنڈی کا دورہ کیا۔

راولپنڈی۔5جون (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ (پی کے ایل آئی) راولپنڈی کا دورہ کیا۔رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب، سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود، پراجیکٹ ڈائریکٹر پی آئی یو طارق محمود رحمانی اور کمشنر راولپنڈی عامر خٹک بھی ہمراہ تھے۔

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر فیصل سعود ڈار و دیگر فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر کو ادارے کی کارکردگی، صحت سہولیات اور انتظامی امور کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزیر نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی دورہ بھی کیا اور صحت سہولیات کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پنجاب نرسنگ اینڈ ہیلتھ ورک فورس ریفارم پروگرام کے تحت مختلف اضلاع میں تین اسٹیٹ آف دی آرٹ سنٹر آف ایکسی لینس بنائے جائیں گے۔پی کے ایل آئی راولپنڈی کے قریب سنٹر آف ایکسی لینس بھی بنا رہے ہیں۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ گردوں اور جگر کی تکلیف میں مبتلا مریضوں کو پی کے ایل آئی راولپنڈی میں صحت کی جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔سپیشل انیشیٹو کے تحت ہزاروں افراد کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے کہاکہ مقامی سطح پر گردوں اور جگر کے مریضوں کو معیاری ڈائیلاسز کی سہولت دی جا رہی ہے۔ سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمودنے کہاکہ ہسپتال میں کے پی کے اور شمالی علاقہ جات سے لوگ علاج کی غرض سے آتے ہیں۔