صوبائی وزیر علی مدد جتک کا سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے محافظ کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار

پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور بلوچستان کے وزیر حاجی علی مدد جتک نے ضلع مستونگ میں دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کے نتیجے میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے محافظ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس اظہار اور واقعہ کی شدید مذمت کی ہے

کوئٹہ۔ 23 جولائی (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور بلوچستان کے وزیر حاجی علی مدد جتک نے ضلع مستونگ میں دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کے نتیجے میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے محافظ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس اظہار اور واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔اپنے ایک تعزیتی و مذمتی بیان میں صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ دہشت گرد اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کے لیے بے گناہ اور معصوم شہریوں کا خون بہا رہے ہیں، مگر ایسی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے حوصلے ہرگز پست نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ ایک فرض شناس، دیانتدار اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھنے والے جج تھے، جبکہ ان کے محافظ نے بھی اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ بلوچستان میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔ مکار دشمن کی جانب سے کیے جانے والے یہ بزدلانہ حملے اہلِ بلوچستان کے عزم اور حوصلے کو متزلزل نہیں کر سکتے۔

پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور امن دشمن عناصر کو کسی صورت اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ریاست امن کے دشمنوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کر رہے ہیں اور ان شاء اللہ دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ بلوچستان کا ہر باسی امن، ترقی اور خوشحالی کا خواہاں ہے اور دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑا ہے۔ عوام، سیکیورٹی فورسزاورریاستی اداروں کی مشترکہ جدوجہد سے دشمن کے تمام ناپاک عزائم خاک میں مل جائیں گے۔حاجی علی مدد جتک نے شہدا کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے محافظ کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے درجات بلند کرے، لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے اور زخمیوں کو جلد از جلد مکمل صحت یاب فرمائے۔