صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین سے ترک قونصل جنرل کی ملاقات،ترک کمپنیوں کی سرمایہ کاری بارے بات چیت

51
Chaudhry Shafi Hussain

لاہور۔23جنوری (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے ترکیہ کے قونصل جنرل درمش بستاغ نے ملاقات کی،جس میں پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع اور ترک کمپنیوں کی پنجاب میں سرمایہ کاری کے امور پر بات چیت ہوئی۔ملاقات میں پنجاب کے مختلف شعبوں میں ترک کمپنیوں کی سرمایہ کاری بڑھانے اور دو طرفہ تجارت کے فروغ پر اتفاق ہوا ۔صوبائی وزیر نے ترکیہ کی سرمایہ کار کمپنیوں کو ای وی سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنے و دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت دی ۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول اور بہترین وقت موجود ہے۔صنعتی مراکز میں عالمی معیار کا صنعتی انفراسٹرکچر فراہم کیا گیا ہے ۔ فیڈمک کے زیر اہتمام انڈسٹریل اسٹیٹ میں ریلوے اسٹیشن بھی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ترک کمپنیوں نے پنجاب میں زراعت،توانائی،صحت،لائیو سٹاک اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔ترک کمپنیوں کو الیکٹرک وہیکلز سیکٹر میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ترک سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع اور سہولیات سے فائدہ اٹھائیں ۔

ترک کمپنیوں کیلئے پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کا بہترین وقت ہے ۔ترکیہ کے قونصل جنرل درمش بستاغ نے کہا کہ ترک سرمایہ کار پنجاب کے مختلف شعبوں میں اپنی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے تیار ہیں اور مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ جوائنٹ وینچر بھی کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ کے صدر کے دورہ پاکستان سے دوطرفہ تجارتی تعاون بڑھے گا۔پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں ہونے والی ملاقات میں چئیرمن پنجاب سرمایہ کاری بورڈ منتہی اشرف ،ڈی جی ڈاکٹر سہیل احمد ،ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران ہاشمی اور دیگر نے شرکت کی ۔ترکیہ قونصلیٹ کے کمرشل کونسلر نوریتن ڈیمر بھی ملاقات میں موجود تھے ۔