صوبہ خیبر پختونخواہ میں خدمت کے پیش نظر عوام نے ہمیں مرکز سمیت دیگر صوبوں میں دوبارہ خدمت کا موقع فراہم کیا ہے، اسد قیصر

172

اسلام آباد ۔ 13 جنوری (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں خدمت کے پیش نظر عوام نے ہمیں مرکز سمیت دیگر صوبوں میں دوبارہ خدمت کا موقع فراہم کیا ہے ،عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا وفاقی ،صوبائی اور ضلعی حکومتوں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے ضلع پشاور سے تعلق رکھنے والے ارکین قومی و صوبائی اسمبلی اورضلعی حکومت کے نمائندوں سے پشاور میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں گفتگوکرتے ہوئے کیا۔اسپیکر نے کہا کہ عوام نے جس طرح الیکشن 2018میں خدمت کرنے والوں پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے ہمیں بھی اسی جذبے کے ساتھ عوام کے مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرنا چاہیں۔ انہوں نے سی پیک کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ سی پیک ملک کے لیے ایک گیم چینجر ہے جس کے ثمرات چاروں صوبوں میں نظر آئیں گے۔ اس ضمن میں خیبر پختونخواہ میں اس منصوبے کے تحت متعد دترقیاتی کام زیر تکمیل ہیں اور رشہ کئی اکنامک زون سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی جس سے عوام کا میعار زندگی بہتر ہو گا۔ انہوں نے مزید کہاکہ رشہ کئی فری زون کی تکمیل سے صوبے کے عوام کو روز گار کے نئے مواقع میسر آئیں گے اور پڑھے لکھے نوجوانوں کے علاوہ ہنرمند افراد بھی اپنی معاشی صورت حال کو بہتر بنانے میں کامیاب ہونگے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میں پشاور کے کاروباری حلقوں کے مسائل سے پوری طرح آگاہ ہوں۔ اس سلسلے میں مرکز اور صوبائی ذمہ داران کے درمیان متعد د اجلاس منعقد ہوئے ہیں جس میں پشاور کے مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کاروباری شعبے کی ترقی کے لیے خصوصی اقدامات ا±ٹھا رہی ہے۔ اسد قیصر نے کہا کہ صحت اور تعلیم کا حصول ہر پاکستانی کا حق ہے اور موجودہ حکومت نے ان شعبوں میں بہتری لانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا شروع کر دیا۔ وہ دن دور نہیں جب پاکستان ا±ن ممالک کی صف میں کھڑا ہو گا جہاں معیار تعلیم اور صحت کی سہولیات قابل تقلید ہونگی۔ انہوں نے اراکین پارلیمنٹ اور ناظمین کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عوامی نمائندوں کو عوام کے تمام تر مسائل سے مکمل آگاہ ہونا چاہیے۔ انہیں ترقیاتی پروگراموں میں زیادہ توجہ دینی چاہیے تاکہ لوگوں کے مسائل کو فوری حل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ قانون سازی کے ذریعے عوامی مسائل کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو ختم کیا جائے گا جس کے لیے میں حکومت سمیت اپوزیشن کے ساتھ رابطے میں ہوں۔جس طرح میں نے بحثیت اسپیکر خیبر پختونخواہ قانون سازی کے سلسلے میں خدمات سرانجام دیں تھیں اسی طرح قومی اسمبلی کو قانون سازی کے اعتبار سے مثالی ایوان بناو¿ں گا۔ انہوں نے اجلاس میں موجود شرکائ کو اپنی اپنی سطح پر ایوان میں حاضری کو یقینی بنانے اور موثر و عوام دوست قانون سازی کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے ارکان صوبائی اسمبلی اورناظمین کو مخا طب کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کے معمولی نوعیت کے مسائل پر خاص طور پر توجہ دیں تاکہ عوام کا حکومتی نمائندوں پر اعتماد بحال ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق میں صوبے کی بھرپور نمائندگی موجود ہ ہے جس سے صوبے کے دیرینہ مسائل کو حل کرنے میں کوئی دشواری پیش نہیں آئے گی۔ اسپیکر کا مزید کہنا تھا کہ مجھے قیادت اور میرے صوبے کی عوام نے ایک بار پھر ایک اہم ذمہ داری سونپی ہے میری یہ کوشش ہوگی کہ میں قیادت اور عوام کے اعتماد پر پورا اتر سکوں۔ اجلاس میں موجود شرکاء نے اسپیکر قومی اسمبلی کو یقین دہانی کرائی کہ وہ عوامی خدمت کو اپنا نصب العین بنائیں گے اور وہ عوام اور اپنی قیادت کو کبھی بھی مایوس نہیں ہونے دیں گے۔ اجلا س میں شرکت کرنے والوں میں ارکان قومی اسمبلی نور عالم خان، شوکت علی،شیر علی ارباب، محمود جان ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخواہ اسمبلی ،اشتیاق ارمر صوبائی وزیر برائے ماحولیات و جنگلات ،تیمور جھگڑا صوبائی وزیر مالیات سمیت ارکان صوبائی اسمبلی ناصر موسٰی زئی، کامران بنگش وزیر علٰی کے مشیربرائے آئی ٹی ، آصف احمد ، فضل الہی ،فہیم خان، ارباب جا ن داد ، ارباب وسیم او اور ضلعی ناظم محمد عاصم و تحصیل اور ٹاو¿ن ناظمین شامل تھے۔