صوبہ میں جنگلی جانوروں و پرندوں کے غیرقانونی شکار اور کاروبار کیخلاف موثر کارروائیاں جاری ہیں ،چیف وائلڈ لائف

99
Wildlife
Wildlife

لاہور۔20مارچ (اے پی پی):سینئروزیر مریم اورنگزیب کی ہدایت پرچیف وائلڈلائف رینجر پنجاب کی زیر نگرانی صوبہ میں جنگلی جانوروں و پرندوں کے غیرقانونی شکار اور کاروبار کیخلاف موثر کارروائیاںجاری ہیں اور جس کے نتیجے میں گوجرانوالہ ، نارووال ،قصور اور ملتان سے خونخوار کتوں کے ساتھ جنگلی سور کا شکار اور جنگلی پرندوں کاناجائز شکار اور کاروبار کرنیوالے 9ملزمان گرفتار ، چڑی فروش کیخلاف ایف آئی آر درج ، حوالات میں بند بقیہ ملزمان کو اڑھائی لاکھ روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ عائد کیا گیا۔

تفصیل کے مطابق ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجرگوجرانوالہ ریجن عاصم بشیر چیمہ کی سربراہی میں وائلڈلائف سٹاف نارووال نے خونخوار کتوں کے ساتھ جنگلی سور کے ناجائز شکار میں مشغول 6شکاریوں کو گرفتار کرکے مبلغ 2لاکھ روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کیاگیا ۔ اسی طرح وائلڈلائف سٹاف گوجرانوالہ ریجن نے وسل بلور کی اطلاع پر تھانہ کھیالی کی حدود میں ایک پیشہ ورچڑی فروش کو گرفتارکرکے اس کیخلاف تھانہ کھیالی میں ایف آئی آر درج کروائی اور اب کوڈ آف کریمینل پروسیجراوروائلڈلائف ایکٹ مجریہ 1974(ترمیمی)2025 کے تحت ملزم کیخلاف کارروائی ہوگی ۔

ایسی ہی ایک کامیاب کارروائی ا سسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر ضلع قصور ڈاکٹر محمد فیاض کی سربراہی میں وائلڈلائف سٹاف قصورنے چونیاںکے ایریاسے مرغابی کے ایک غیرقانونی شکاری کو گرفتارکرکے اسے 20ہزار جرمانہ کیا جبکہ اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر ضلع ملتان منورحسین نجمی کی سربراہی سپیشل وائلڈلائف اسکواڈجنوبی پنجا ب نے را طوطے کے چکس کی خریدوفروخت میں ملوث ایک غیرقانونی ڈیلر کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے سات زندہ چکس برآمدکرکے 30ہزار جرمانہ کیا۔