صیہونی فضائی حملوں کے خلاف دنیا میں لاکھوں افراد کے مظاہرے،حکومتوں سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات منقطع کرنے کا مطالبہ

95
صیہونی فضائی حملوں کے خلاف دنیا میں لاکھوں افراد کے مظاہرے

مقبوضہ بیت المقدس ۔21اکتوبر (اے پی پی):دنیا بھر کے مسلمان ملکوں اور دوسرے مقامات پر ہزاروں لوگوں نے غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کے ساتھ یک جہتی کے اظہار کے لیے مظاہرے کیے ہیں ۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق گزشتہ روز فلسطین،مصر ،لبنان ،ترکیہ ،عراق ،اردن ،مراکش ،ملائیشیا اور انڈو نیشیا میں ہزاروں کی تعداد میں افراد چھوٹے بڑے شہروں میں نکل آئے اور انہوں نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے کیے۔

بعض ملکوں کے مظاہرین نے اپنی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات منقطع کیے جائیں۔جنوبی افریقا کی افریقی نیشنل کانگریس کی زیر قیادت فلسطینیوں کے حامی مظاہرین نے دار الحکومت پریٹوریا میں اسرائیلی سفارت خانے کے سامنے احتجاج کیا۔ فلسطینی پرچم لہراتے اور غزہ پر اسرائیل کی بمباری کی مذمت کے بینرز اٹھائے ایک ہزار سے زیادہ مظاہرین نے سڑکوں پر مارچ کرتے ہوئے ٹریفک کو مفلوج کر دیا۔

واضح رہے کہ یہ جنوبی افریقا میں ایسا سب سے بڑا مظاہرہ تھا ،وہاں فلسطینی نصب العین کو مسلسل نمایاں حمایت حاصل رہی ہے ۔