محکمہ داخلہ پنجاب کے احکامات پر ضلعی انتظامیہ راولپنڈی نے ضلع بھر میں شادی کی تقریبات رات 10 بجے تک محدود کرنے کے احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں جن کے تحت شادی ہالز، مارکیز اور فارم ہاؤسز میں تقریبات مقررہ وقت کے اندر ختم کرنا لازمی ہوگا
ضلعی انتظامیہ راولپنڈی کی شادی کی تقریبات رات 10 بجے تک محدود کرنے کے احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات

مزید خبریں
راولپنڈی۔19اکتوبر (اے پی پی):محکمہ داخلہ پنجاب کے احکامات پر ضلعی انتظامیہ راولپنڈی نے ضلع بھر میں شادی کی تقریبات رات 10 بجے تک محدود کرنے کے احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں جن کے تحت شادی ہالز، مارکیز اور فارم ہاؤسز میں تقریبات مقررہ وقت کے اندر ختم کرنا لازمی ہوگا جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں ایک ماہ قید اور 25 لاکھ روپے جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔پیر کو ترجمان کے مطابق شادی کی تقریبات کے لیے مقررہ اوقات کی پابندی ضروری ہے۔ شادی ہالز، مارکیز اور فارم ہاؤسز کی انتظامیہ سمیت تقریبات منعقد کرنے والے افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ رات 10 بجے تک تقریبات مکمل کرنے کے انتظامات کریں اور متعلقہ قوانین پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
اس اقدام کا مقصد شادی کی تقریبات کے دوران مقررہ اوقات کی پابندی، قانون کی عملداری اور شہری نظم و ضبط کو یقینی بنانا ہے۔ شہریوں اور شادی ہالز، مارکیز و فارم ہاؤسز کی انتظامیہ سے کہا گیا ہے کہ وہ حکومتی احکامات پر عمل کریں اور ایسی کسی خلاف ورزی سے گریز کریں جس کے نتیجے میں قانونی کارروائی عمل میں لانا پڑے۔ضلعی انتظامیہ راولپنڈی نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ شادی بیاہ کی تقریبات کے انعقاد کے دوران مقررہ وقت کی پابندی کریں اور اپنی خوشیوں کو قانونی تقاضوں کے مطابق منائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورت حال اور قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔







