ضلعی انتظامیہ سیالکوٹ کے زیر اہتمام تالاب شیخ مولا بخش سٹیڈیم میں معرکہ حق شیرِ پنجاب دنگل روایتی و ثقافتی رنگوں کے ساتھ منعقد ہوا،
ضلعی انتظامیہ سیالکوٹ کے زیر اہتمام تالاب شیخ مولا بخش سٹیڈیم میں معرکہ حق شیرِ پنجاب دنگل کا انعقاد
سیالکوٹ۔ 18 مئی (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ سیالکوٹ کے زیر اہتمام تالاب شیخ مولا بخش سٹیڈیم میں معرکہ حق شیرِ پنجاب دنگل روایتی و ثقافتی رنگوں کے ساتھ منعقد ہوا، جس نے پنجاب کی صدیوں پر محیط کشتی کی تاریخ، ثقافت اور کھیلوں کے جذبے کو دوبارہ زندہ کر دیا۔ فلڈ لائٹس میں منعقد ہونے والے اس منفرد سپورٹس ایونٹ میں صوبہ بھر سے 26 نامور پہلوانوں نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز شاندار آتش بازی سے ہوا جبکہ روایتی گھوڑوں کے ڈانس اور بھنگڑا پرفارمنس نے حاضرین کے جوش و خروش کو دوبالا کر دیا۔ اس موقع پر وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب محمد منشاء اللہ بٹ اور رکن پنجاب اسمبلی چوہدری فیصل اکرام نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔
انہوں نے تالاب شیخ مولا بخش سٹیڈیم کی بحالی، تزئین و آرائش منصوبے کا افتتاح کیا اور کہا کہ پنجاب کی روایتی کھیلوں خصوصاً کشتی کو فروغ دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے کیونکہ کشتی پنجاب کی تاریخ، ثقافت اور پہچان کا اہم حصہ ہے۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عباس ذوالقرنین، اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ رانا صفدر شبیر، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن زبیر وٹو، ڈی ایس او افتخار گوندل، فرخ حفیظ بٹ سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ دنگل کے اختتام پر کامیاب پہلوانوں میں گرز، ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کیے گئے جبکہ مجموعی طور پر 8 لاکھ روپے کے کیش انعامات دیئے گئے۔ شائقین نے تاریخی دنگل کو سیالکوٹ کی کھیلوں کی تاریخ کا یادگار ایونٹ قرار دیا۔









