ضلع استور میں سیاحوں کا بے پناہ رش، دیوسائی، دومیل، راما اور اللہ والی لیک سیاحوں کی توجہ کا مرکز

پنجاب سمیت ملک کے مختلف میدانی علاقوں میں شدید گرمی کے باعث ہزاروں سیاح قدرتی حسن سے مالا مال ضلع استور کا رخ کر رہے ہیں

استور۔14 جولائی (اے پی پی):پنجاب سمیت ملک کے مختلف میدانی علاقوں میں شدید گرمی کے باعث ہزاروں سیاح قدرتی حسن سے مالا مال ضلع استور کا رخ کر رہے ہیں، جہاں دیوسائی نیشنل پارک، دومیل، راما، ارو اللہ والی جھیل راما جھیل اور دیگر سیاحتی مقامات پر غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔ دلکش مناظر، سرسبز وادیاں، برف پوش چوٹیاں، ٹھنڈا موسم اور پُرسکون ماحول سیاحوں کے لیے بھرپور کشش کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ضلعی انتظامیہ استور نے ڈپٹی کمشنر کی ہدایات پر سیاحوں کی سہولت، تحفظ اور رہنمائی کے لیے جامع انتظامات کیے ہیں۔ ضلع بھر کے داخلی و خارجی راستوں اور تمام اہم چیک پوسٹوں پر سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، جہاں سیاحوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔انتظامیہ کی جانب سے سیاحتی مقامات پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے، طبی امداد، صفائی ستھرائی اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے متعلقہ محکموں کو متحرک رکھا گیا ہے۔ پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر ادارے باہمی تعاون سے سیاحوں کو محفوظ اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے کے لیے شب و روز خدمات انجام دے رہے ہیں