حکومتِ سندھ کے اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈپارٹمنٹ کے زیرِ اہتمام لاڑکانہ کے ایم اے کھوہرو اسپورٹس کمپلیکس میں فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنلز اور فائنل میچز کی لائیو اسٹریمنگ بڑے پردے پر دکھائی جائے گی تاکہ شائقین اجتماعی طور پر میچوں سے لطف اندوز ہو سکیں۔
فیفا ورلڈ کپ سیمی فائنلز اور فائنل میچ کی لائیو اسٹریمنگ ایم اے کھوہرو اسپورٹس کمپلیکس میں پردے پر کی جائے گی

مزید خبریں
لاڑکانہ۔ 14 جولائی (اے پی پی):حکومتِ سندھ کے اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈپارٹمنٹ کے زیرِ اہتمام فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنلز اور فائنل میچ کی لائیو اسٹریمنگ ایم اے کھوہرو اسپورٹس کمپلیکس لاڑکانہ میں بڑے پردے پر کی جائے گی۔
اس سلسلے میں پہلا سیمی فائنل 15 جولائی 2026، دوسرا سیمی فائنل 16 جولائی 2026 جبکہ فائنل 20 جولائی 2026 کو شائقینِ فٹبال کے لیے بڑی اسکرین پر براہِ راست نشر کیا جائے گا۔صوبائی وزیر برائے اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز چیف سردار محمد بخش خان مہر نے کہا کہ حکومتِ سندھ نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ اور صحت مند سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ عالمی معیار کے مقابلوں کی اجتماعی لائیو اسٹریمنگ نوجوانوں میں فٹبال سے دلچسپی بڑھانے کا بہترین موقع ہے۔اس موقع پر سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز منور علی مہیسر نے کہا کہ شائقین کی سہولت کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ خاندانوں سمیت عوام محفوظ اور خوشگوار ماحول میں میچوں سے لطف اندوز ہو سکیں۔ضلعی اسپورٹس آفیسر لاڑکانہ کے مطابق تقریب میں بڑی اسکرین، فوڈ کورٹ، مختلف اسٹالز، پارکنگ، سیکیورٹی اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔شہریوں، نوجوانوں اور کھیلوں کے شائقین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مقررہ تاریخوں پر ایم اے کھوہرو اسپورٹس کمپلیکس لاڑکانہ پہنچ کر فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دلچسپ مقابلوں کی لائیو اسٹریمنگ سے لطف اندوز ہوں۔







