ضلع راولپنڈی میں قبضہ مافیا سمیت دیگر جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے، مختلف کارروائیوں کے دوران قتل، فائرنگ، منشیات فروشی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے سمیت دیگر جرائم میں ملوث 16 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، گرفتار ملزمان سے 7 کلو سے زائد چرس، شراب، کلاشنکوف، پسٹل اور ایمونیشن برآمد کیا گیا۔
ضلع راولپنڈی میں سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں، قتل، فائرنگ، منشیات فروشی اور غیر قانونی اسلحہ میں ملوث 16 ملزمان گرفتار
راولپنڈی ۔31اگست (اے پی پی):ضلع راولپنڈی میں قبضہ مافیا سمیت دیگر جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے، مختلف کارروائیوں کے دوران قتل، فائرنگ، منشیات فروشی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے سمیت دیگر جرائم میں ملوث 16 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، گرفتار ملزمان سے 7 کلو سے زائد چرس، شراب، کلاشنکوف، پسٹل اور ایمونیشن برآمد کیا گیا۔تھانہ سٹی پولیس نے سابقہ رنجش پر چھری کے وار سے شہری کو قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کی مقتول کے بھانجے سے چند روز قبل گلی میں کھڑے ہونے کے معاملے پر تلخ کلامی ہوئی تھی، واقعہ کا مقدمہ درج کرکے ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلی جنس ذرائع سے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔
سی پی او حسن مشتاق سکھیرا کی ہدایات پر منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران روات پولیس نے بڑے منشیات سپلائر کو گرفتار کرکے 5 کلو 500 گرام چرس برآمد کی۔ گرفتار ملزم قتل، اقدام قتل، اغواء، اسلحہ اور منشیات کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ اور سزا یافتہ بھی ہے۔ آر اے بازار پولیس نے بھی منشیات سپلائر کو گرفتار کرکے 1 کلو 620 گرام چرس برآمد کی اور مقدمہ درج کرلیا۔راولپنڈی پولیس نے مختلف تھانوں کی حدود میں کارروائیاں کرتے ہوئے 6 ملزمان کو گرفتار کرکے 5 لیٹر شراب، غیر قانونی اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کیا۔
کارروائیاں تھانہ سٹی، بنی، پیرودھائی، وارث خان، سول لائنز اور ٹیکسلا کے علاقوں میں کی گئیں۔دریں اثنا صدر بیرونی پولیس نے زمین کے تنازعہ پر فائرنگ میں ملوث 9 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 2 کلاشنکوف اور 5 پسٹل برآمد کرلیے۔ پولیس کے مطابق دونوں فریقین نے زمین کے تنازعہ پر شدید فائرنگ کی جبکہ پولیس کے موقع پر پہنچنے پر ملزمان نے پولیس سے بھی مزاحمت کی۔ واقعہ کا مقدمہ دہشت گردی، پولیس سے مزاحمت، شاہراہ عام پر رکاوٹ اور دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا، دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں ۔ ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق ضلع بھر میں قبضہ مافیا، منشیات فروشوں، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔









