پشاور۔ 18 جولائی (اے پی پی):صوبائی حکومت کے ہدایات کی روشنی میں ضلع سوات میں شجر کاری مہم کا آغاز ہوگیا۔ ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب نے دیودار کا پودا لگا کر مہم کا آغاز کردیا اور شجرکاری مہم کی کامیابی کیلئے دعا مانگی. ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر(لوئرسوات) عثمان علی، ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر (اپرسوات) شاہ خالد، فارسٹ ڈیپارٹمینٹ اور ضلعی انتظامیہ سوات کے دیگر افسران و نمائندگان نے بھی مہم کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب نے اپنے پیغام میں کہا کہ جنت نظیر وادی سوات اپنے قدرتی حسن یعنی پہاڑوں، دریائے سوات، پودوں کی وجہ سے ایشیا کا سوئٹزلینڈ کہلاتا ہے۔ سوات کے غیور عوام اس مون سون شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لے کر درخت لگائے اور ماحول کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ درخت لگانا قومی فریضہ اور سماجی ذمہ داری بھی ہے۔شہری شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور درختوں کی دیکھ بھال بھی کریں۔ پودا لگالینا ہی کافی نہیں بلکہ اس کی حفاظت بھی اتنی ہی اہم ہے، درخت لگائیں اور امید جگائیں۔