ضلع مظفرگڑھ میں گردوں کے مریضوں کی تعداد 34000 ہے،رکن قومی اسمبلی سردار عامر طلال خان گوپانگ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور سروس ڈیلیوری میں بہتری کے لیے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی ضلع مظفرگڑھ کا اہم اجلاس رکن قومی اسمبلی سردار عامر طلال خان گوپانگ

مظفرگڑھ۔ 08 ستمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور سروس ڈیلیوری میں بہتری کے لیے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی ضلع مظفرگڑھ کا اہم اجلاس رکن قومی اسمبلی سردار عامر طلال خان گوپانگ (NA-178) کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق اجلاس میں ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید غضنفر علی شاہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز و ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ انعم حفیظ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر قراۃ العین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز یوسف چھینہ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع طاہر محمود بھٹی سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نواب زادہ افتخار احمد خان، محمد اجمل خان چانڈیا، محمد عون حمید ڈوگر، رانا عبد المنان، اور سید سبطین رضا بخاری نے بھی شرکت کی۔

ضلع بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں کی پیشرفت اور رفتار، عوامی فلاح و بہبود، سروس ڈیلیوری اور امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایم پی اے محمد اجمل خان چانڈیا کی تجویز پر علی پور اور مظفرگڑھ میں ڈائیلاسز سنٹرز کی اپ گریڈیشن جبکہ جتوئی میں نئے ڈائیلاسز سنٹر کے قیام کی سفارش کی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع مظفرگڑھ میں گردوں کے مریضوں کی تعداد تقریباً 34 ہزار ہے اور مریضوں کی تعداد کے اعتبار سے ضلع پنجاب میں سرفہرست ہے۔رکن قومی اسمبلی سردار عامر طلال خان گوپانگ نے ڈائیلاسز کی سہولیات میں بہتری اور جتوئی میں نئے ڈائیلاسز سنٹر کے قیام کی سفارش کی۔سردار عامر طلال خان گوپانگ نے مختلف محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کے حل، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور سروس ڈیلیوری کی بہتری کے لیے تمام محکمے مربوط انداز میں کام کریں۔ انہوں نے مثالی گاؤں منصوبے میں مزید بہتری لانے، جاری اقدامات کی مؤثر مانیٹرنگ اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔

ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت جاری ترقیاتی و عوامی فلاحی منصوبوں کی مؤثر مانیٹرنگ، بروقت تکمیل، تعمیراتی معیار اور سروس ڈیلیوری کو مزید بہتر بنانے کے لیے متعلقہ افسران کو ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔