ضیا ء الدین ہسپتال میں روبوٹک سرجری کا آغاز
ضیا ء الدین ہسپتال میں روبوٹک سرجری کا آغاز

مزید خبریں
کراچی۔ 03 اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین ڈاکٹر ضیا ء الدین ہسپتال ڈاکٹر عاصم حسین نے ضیاء الدین ہسپتال میں روبوٹک سرجری پروگرام کا باقاعدہ آغاز کردیا۔ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ روبوٹک سرجری پروگرام کے تحت ڈاکٹر ضیا ء الدین ہسپتال میں جنرل اور کینسر کی مختلف سرجریز کی سہولت فراہم کی جائے گی، جن میں پتے، ہرنیا اور آنتوں سمیت دیگر پیچیدہ سرجریز کے طریقہ کار شامل ہیں، جبکہ گائناکولوجیکل سرجریز بھی روبوٹک ٹیکنالوجی کے ذریعے انجام دی جائیں گی۔انہوںنے کہا کہ ہسپتال گزشتہ 8ماہ سے روبوٹک سرجری کے آغاز پر کام کر رہا تھا، جس کا مقصد جدید ٹیکنالوجی کو مریضوں تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ کم لاگت میں معیاری روبوٹک سرجری کی سہولت فراہم کرنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرکاری ہسپتالوں کے بعد اب پرائیویٹ ہسپتال میں بھی روبوٹک سرجری کی سہولت کا آغاز ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسپتال کے سرجنز نے چین میں روبوٹک سرجری کی خصوصی تربیت حاصل کی ہے۔ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ ڈاکٹر ضیا ء الدین اسپتال میں اب تک دو روبوٹک سرجریز کامیابی سے انجام دی جا چکی ہیں، جو اس پروگرام کے عملی آغاز کی اہم مثال ہیں۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر ضیا ء الدین ہسپتال ڈاکٹر عماد حسین نے کہا کہ روایتی اور لیپروسکوپک سرجری سے روبوٹک سرجری تک کا سفر جدید اور اہم مرحلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ روبوٹک ٹیکنالوجی سرجنز کو زیادہ درستگی اور کنٹرول کے ساتھ پیچیدہ اور کم تکلیف دہ سرجری کے طریقہ کار انجام دینے میں مدد فراہم کرتی ہے۔اس موقع پرڈاکٹر حارث رشید نے کہا کہ روبوٹک سرجری دنیا بھر میں جدید سرجریز کے معیار کو تبدیل کر رہی ہے۔ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے کم سے کم چیرا لگانے والے پیچیدہ آپریشنز، بہتر طبی نتائج اور نسبتا تیز صحتیابی کے امکانات پیدا ہوتے ہیں۔
اس موقع پر ڈین، فیکلٹی آف ہیلتھ سائنسز، ضیاء الدین یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عباس ظفر نے کہا کہ روبوٹک سرجری کا آغازہسپتال اور پاکستان کے صحت کے شعبے کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔ افتتاحی تقریب میں یونیورسٹی آف پورٹسمائوتھ، برطانیہ کے کنسلٹنٹ سرجن پروفیسر جم ایس خان نے روبوٹک سرجری میں ہونے والی پیش رفت پر گفتگو کی، جبکہ مائیکروپورٹ کے نائب صدر الطوغ ارگن نے روبوٹک سرجری میں درستگی اور جدید ٹیکنالوجی کے کردار پر روشنی ڈالی۔






