عازمین حج کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کا تہیہ کر رکھا ہے ، حج اخراجات میں کمی ہماری کوششوں کا واضح ثبوت ہے ، مفتی عبدالشکور

41

مدینہ منورہ۔27جون (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے کہا ہے عازمین حج کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کا تہیہ کر رکھا ہے ، حج اخراجات میں کمی ہماری کوششوں کا واضح ثبوت ہے جبکہ ڈائریکٹر جنرل حج ابرار احمد مرزا نے کا کہنا تھا کہ رواں سال حج 2022کے اخراجات میں واضح کمی کی بنیادی وجہ حج مشن سے مڈل مین کے کردار کو ختم کرنا ہے ۔ وقت کم ہونے کی بنا پر ہم نے مہینوں کا کام دنوں میں اور دنوں کا کام گھنٹوں میں مکمل کیا ہے ۔

پیر کو یہاں پاکستان ہائوس میں ڈائریکٹر حج مدینہ منورہ ضیاء الرحمان کے ہمراہ وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کو حج انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئےڈی جی حج نے کہا کہ عازمین حج کو محفوظ ،کم خرچ اور قابل احتساب حج انتظامات یقینی بنانے کی موجودہ حکومت کی ہدایات کی روشنی میں مہینوں کا کام ہفتوں اور ہفتوں کا کام گھنٹوں میں کیا گیا ۔ ڈائریکٹر مدینہ ضیاء الرحمن نے بریفنگ میں بتایا کہ حجاج کرام کے لئے بہترین انتظامات کے لئے مہنگائی کے باوجود ناقابل یقین حد تک اخراجات مںں واضح کمی لائی گئی ۔

وزیر مذھبی امور مفتی عبدالشکور کا کہنا تھا کہ ہم نے عازمین حج کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے تہیہ کر رکھا ہے حج اخراجات میں واضح کمی اس کی عملی مثال ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فلائیٹ شیڈول ہو یا سفری معاملات یا پھر رہائش کے معاملات سعودی وزارت حج کے تحت کام کرنے والے اداروں کے خصوصی تعاون اور پاکستان حج مشن کی دن رات انتھک کاوشوں کی وجہ سے عازمین حج کو بہترین سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔