عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے وفد کا ریسکیو 1122 خیبر پختونخوا کے صوبائی ہیڈکوارٹر کا دورہ

عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او) کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ریسکیو 1122 خیبر پختونخوا ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 خیبر پختونخوا شاہ فہد، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن، ڈائریکٹر آپریشن، ڈائریکٹر پلاننگ سمیت دیگر افسران اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر پشاور افتخار خان نے وفد کا استقبال کیا۔

پشاور۔ 18 جولائی (اے پی پی):عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او) کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ریسکیو 1122 خیبر پختونخوا ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 خیبر پختونخوا شاہ فہد، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن، ڈائریکٹر آپریشن، ڈائریکٹر پلاننگ سمیت دیگر افسران اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر پشاور افتخار خان نے وفد کا استقبال کیا۔ ریسکیو 1122 کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفد کو ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا کی ایمرجنسی ریسپانس نظام، آپریشنل استعداد کار، تربیتی معیار اور صوبہ بھر میں فراہم کی جانے والی ایمرجنسی خدمات پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ادارہ میڈیکل ایمرجنسی، روڈ ٹریفک حادثات، آتشزدگی، عمارت گرنے، سیلاب، پانی میں ڈوبنے، قدرتی آفات، شہری سرچ اینڈ ریسکیو اور دیگر ہنگامی حالات میں چوبیس گھنٹے خدمات فراہم کر رہا ہے۔بعد ازاں وفد نے مختلف آپریشنل اسٹالز کا دورہ کیا جہاں انہیں جدید ریسکیو آلات، ایمبولینسز، فائر فائٹنگ گاڑیوں، سرچ اینڈ ریسکیو آلات، واٹر ریسکیو آلات، ایمرجنسی میڈیکل سروسز اور کمیونٹی سیفٹی پروگرامز سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر فرضی ایمرجنسی کے بعد ریسکیو آپریشن کی عملی مشق بھی پیش کی گئی جس میں جائے حادثہ کو محفوظ بنانے، سرچ اینڈ ریسکیو، متاثرین کی منتقلی، ابتدائی طبی امداد، ٹرائی ایج، ایمرجنسی میڈیکل مینجمنٹ، اداروں کے درمیان رابطہ کاری اور زخمیوں کی ہسپتال منتقلی کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ وفد نے ریسکیو1122 اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت، بروقت رسپانس اور مؤثر ٹیم ورک کو سراہا۔ وفد نے صوبائی مانیٹرنگ سیل کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں ایمرجنسی کال ریسپانس سسٹم، ریئل ٹائم مانیٹرنگ، وسائل کی فوری روانگی، ضلع وار رابطہ کاری اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ دورے کے اختتام پر عالمی ادارہ صحت کے وفد نے ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جدید ایمرجنسی رسپانس نظام، تربیتی معیار اور عوامی خدمات کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں ایمرجنسی میڈیکل رسپانس، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور استعداد کار میں اضافے کے شعبوں میں دونوں اداروں کے درمیان تعاون مزید مضبوط ہوگا۔