ملتان، گیس چوری اور غیر قانونی استعمال ک پر 7 میٹر منقطع

سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کی یو ایف جی کنٹرول ٹاسک فورس نے جنرل منیجر کی ہدایت پر گیس چوری، غیر قانونی استعمال اور تکنیکی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے ملتان کے مختلف علاقوں میں 65 مقامات کی جانچ پڑتال کی، جس کے دوران قواعد کی خلاف ورزی پر 7 گیس میٹر منقطع کر دیے گئے۔

ملتان۔ 18 جولائی (اے پی پی):سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کی یو ایف جی کنٹرول ٹاسک فورس نے جنرل منیجر کی ہدایت پر گیس چوری، غیر قانونی استعمال اور تکنیکی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے ملتان کے مختلف علاقوں میں 65 مقامات کی جانچ پڑتال کی، جس کے دوران قواعد کی خلاف ورزی پر 7 گیس میٹر منقطع کر دیے گئے۔
ترجمان کے مطابق چیکنگ کے دوران منقطع کیے گئے تمام میٹرز پر کمپریسر کا غیر قانونی استعمال پایا گیا، جو ادارے کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ہے، جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔ترجمان نے بتایا کہ یو ایف جی کنٹرول ٹاسک فورس کی کارروائیوں کا مقصد گیس چوری کی روک تھام کے ساتھ ساتھ گیس پریشر میں بہتری، صارفین کو بلا تعطل گیس کی فراہمی اور عوامی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنانا ہے۔

اس موقع پر جنرل منیجر سوئی گیس ملتان نے کہا کہ صارفین کے جان و مال کا تحفظ ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے صارفین کو ہدایت کی کہ گیس استعمال کرنے سے قبل یہ ضرور اطمینان کر لیں کہ کہیں گیس کی بو تو محسوس نہیں ہو رہی۔ اگر کسی بھی جگہ گیس کی بو محسوس ہو تو فوری طور پر تمام کھڑکیاں اور دروازے کھول دیں اور گیس یا بجلی سے چلنے والے کسی بھی آلے کو ہرگز آن نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ گیس چوری، غیر قانونی استعمال اور دیگر خلاف ورزیوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی تاکہ تمام صارفین کو محفوظ، معیاری اور مسلسل گیس کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔