اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیراقتصادی امورعمرایوب خان نے کہاہے کہ وفاقی حکومت تعلیم اورصحت جیسی بنیادی ضروریات کو بہتر بنانے کیلئے صوبوں کے ساتھ مکمل تعاون کررہی ہے ، عالمی بینک کی معاونت سے خیبر پختونخوا میں تعلیم و صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی ۔
انہوں نے یہ بات جمعہ کویہاں خیبر پختونخوا میں عوامی خدمات کی انتظامی امور کی بہتری کیلئے عالمی بینک سے 400 ملین ڈالر کے معاہدے پردستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ معاہدے پر دستخط کی تقریب وزارت اقتصادی امور میں منعقد ہوئی۔سیکرٹری اقتصادی امورنوراحمد اورپاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرناجی بن حسائن نے معاہدے پردستخط کئے۔
وفاقی وزیرعمرایوب خان نے کہاکہ سپیڈ پروگرام کے تحت خیبر پختونخوا میں تعلیم و صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے پر فراہم کردہ فنڈز خرچ کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت صوبوں کو تعلیم و صحت جیسی بنیادی ضروریات کو بہتر بنانے کیلئے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا میں صحت و تعلیم کے بجٹ اور پروکیورمنٹ منیجمنٹ سسٹم کی بہتری کیلئے سپیڈ پروگرام مددگار ثابت ہو گا۔ پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرناجی بن حسائن نے کہاکہ عالمی بینک پاکستان کومالیاتی اورتکنیکی تعاون کی فراہمی کاسلسلہ جاری رکھے گا۔
واضح رہے کہ عالمی بینک کے انتظامی بورڈنے گزشتہ ہفتہ خیبرپختونخوامیں صحت اورتعلیمی خدمات میں سرمایہ کاری میں تیزی لانے کیلئے 40 کروڑ ڈالرکی معاونت کی منظوری دیدی تھی ، یہ معاونت انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے فراہم کی جا ئے گی۔ سپیڈپروگرام سے صوبائی حکومت کو صحت اورتعلیمی خدمات کے شعبوں میں انسانی کیپٹل میں سرمایہ کاری کیلئے منصوبہ بندی میں مدد ملے گی