عالمی عدالت انصاف کے غزہ میں امداد کی فراہمی کے لیےاقدامات کا خیرمقدم

109
International Court of Justice

ریاض۔30مارچ (اے پی پی):سعودی عرب نے عالمی عدالت کی جانب سے غزہ پٹی میں انسانی المیے کو کم کرنے کے لیے امدادی اشیا کی فوری ترسیل کو بہتر بنانے کے لیے اختیار کیے جانے والے عارضی احتیاطی اقدامات کا خیرمقدم کیا ہے۔

سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حکومت نے عالمی عدالت کے ان اقدامات کو سراہا ہے جن میں فوری طور پر ایسی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ان اقدامات کے تحت غزہ پٹی میں امدادی اشیا کی ترسیل کو یقینی بنانے کےلیے مزید راہداریاں قائم کرنے اور بہتر و محفوظ طریقے پر زور دیا گیا ہے۔وزارت خارجہ نے کہا کہ’ سعودی عرب کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر زیادہ سے زیادہ امدادی اشیا کی ترسیل اور متاثرین کی مدد کے لیے بھرپور کوششیں جاری رہیں گی۔

بیان سعودی عرب کی جانب سے بین الاقوامی کمیونٹی سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ بین الاقوامی انسانی قوانین کےتحت اسرائیلی قبضے اور سلامتی کونسل کی جنگ بندی کی قرارداد پرعمل درآمد کرنے کو یقینی بنانے پر اپنا کردارادا کرے۔علاوہ ازیں رابطہ عالم اسلامی نے بھی عالمی عدالت کی جانب سے غزہ پٹی کے لیے امدادی مہم کے حوالے کیے جانے والے اقدامات کو بہتر بنانے کی تدابیر کا خیر مقدم کیا ہے۔