لاہور۔7دسمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے آل پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹز ایسوسی ایشن کے چیئرمین انجینئر فہیم اقبال کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ ترجمان کے مطابق پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کمیٹی روم میں ہونے والی ملاقات میں عالمی مارکیٹ میں ہنرمند افرادی قوت کی ڈیمانڈ اور فنی تعلیم کے فروغ کے امور پر بات چیت ہوئی ۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سکل ڈویلپمنٹ سے پاکستان کا مستقبل جڑا ہے،عالمی مارکیٹ کی ہنرمند افرادی قوت کی ڈیمانڈ پوری کرنے کیلئے پلاننگ کرلی گئی ہے
ٹیوٹاکے اداروں میں نوجوانوں کو انٹرنیشنل سرٹیفکیشن کے ساتھ آئی ٹی کے شارٹ کورسز بھی کروائے جارہے ہیں تاکہ وہ بیرون ممالک جاکر ملک کیلئے زرمبادلہ کما سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے ٹیوٹا کے 16اداروں میں سنٹرز آف ایکسیلینس بنائے جارہے ہیں اور عالمی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کیلئے پنجاب حکومت نجی سیکٹر کو بھی ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔ چیئرمین انجینئر فہیم اقبال نے کہا کہ ہنرمند افرادی قوت کی تیاری اوراسے عالمی مارکیٹ میں بھجوانے کیلئے نجی شعبہ حکومت کے ساتھ ملکر کام کرنے اور ٹیوٹا کے غیر فعال اداروں کو فعال کرنے کیلئے پرائیویٹ سیکٹر تعاون کیلئے بھی تیار ہے۔
اس موقع پرصوبائی وزیر نے ہنرمند افرادی قوت کی تیاری،عالمی مارکیٹ میں کھپت اور ٹیوٹا کے غیر فعال اداروں کو فعال کرنے کے حوالے سے پرائیویٹ سیکٹر سے تجاویز طلب کرلیں۔