عالمی منڈیوں میں دباؤ اور بین الاقوامی بحرانوں کے باعث پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، خرم شہزاد

وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ عالمی منڈیوں میں دباؤ اور بین الاقوامی بحرانوں کے باعث پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے،

اسلام آباد۔3اپریل (اے پی پی):وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ عالمی منڈیوں میں دباؤ اور بین الاقوامی بحرانوں کے باعث پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، تاہم حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے اور ایندھن کی قیمتوں کا ہفتہ وار جائزہ جاری رکھا جائے گا۔نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے خرم شہزاد نے کہا کہ حالیہ عالمی کشیدگی اور جاری تنازعات نے بین الاقوامی آئل مارکیٹ کو متاثر کیا ہے جس کے نتیجے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اختیار کردہ کفایت شعاری اقدامات کے باعث ملکی کھپت پر زیادہ اثر نہیں پڑا اور صوبائی حکام کو ان اقدامات پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے موٹر سائیکل استعمال کرنے والے افراد کے لیے ہدفی سبسڈی متعارف کرائی ہے تاکہ روزمرہ سفر کرنے والوں پر بوجھ کم کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین ہفتوں سے قیمتوں میں رد و بدل کی توقع تھی جس پر اب عملدرآمد شروع ہو گیا ہے۔ خرم شہزاد نے بتایا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت اہل موٹر سائیکل سواروں کا ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے تاکہ ریلیف مستحق افراد تک مؤثر انداز میں پہنچایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت مشکل معاشی حالات میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ایندھن کی قیمتوں کا باقاعدگی سے ہفتہ وار جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ حکومت کے ساتھ تعاون کریں کیونکہ محدود وسائل کے باوجود ریلیف فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ صرف پاکستان کا نہیں بلکہ عالمی سطح کا ہے اور مثال دیتے ہوئے کہا کہ دبئی جیسے تیل پیدا کرنے والے شہر میں بھی قیمتوں میں 70 فیصد تک اضافہ ہوا ہے، تاہم پاکستان کی صورتحال نسبتاً بہتر ہے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ معاشی حالات میں بہتری کے ساتھ ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اسی رفتار سے کمی آئے گی اور حکومت کی جانب سے ریلیف اقدامات اور قیمتوں کا جائزہ جاری رکھا جائے گا۔

مزید خبریں
اوٹاوا میں پرچم کشائی، قائداعظم کے وژن اور پاکستان کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا اوٹاوا۔15اگست (اے پی پی):کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن جبکہ مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قائم پاکستان کے تینوں قونصل جنرلز نے پاکستان کا 80واں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منائیں۔اوٹاوا میں ہائی کمیشن کی چانسری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی آزادی، قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستانی قوم کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر قائداعظم کی زندگی، قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم پیش کی گئی جبکہ قائداعظم کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے نمایاں سنگِ میل پر مبنی ڈیجیٹل تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائداعظم کے ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ریاستوں کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی خاندانوں، بالخصوص نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے حب الوطنی کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی۔شرکا نے ملک کے دفاع اور قومی امنگوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی بہادری و قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش نوجوان نسل کو ان کے اصولوں، دوراندیشی اور پاکستان کے لیے ان کے وژن سے رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔