عالمی منڈی میں ڈیزل کی قلت 2027 تک برقرار رہنے کا خدشہ، عالمی توانائی ایجنسی
عالمی منڈی میں ڈیزل کی قلت 2027 تک برقرار رہنے کا خدشہ، عالمی توانائی ایجنسی

مزید خبریں
پیرس ۔15اکتوبر (اے پی پی):عالمی توانائی ایجنسی (آئی ای اے) نے خبردار کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں توانائی تنصیبات پر حملوں اور رسد میں مسلسل رکاوٹوں کے باعث عالمی منڈی میں ڈیزل کی قلت اور قیمتوں کا دباؤ 2027 تک برقرار رہ سکتا ہے۔چینی خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق ایجنسی نے اپنی اکتوبر کی آئل مارکیٹ رپورٹ میں بتایا کہ ستمبر میں عالمی ڈیزل برآمدات گزشتہ سال کے مقابلے میں یومیہ 7 لاکھ بیرل کم ہو گئیں، جس کے باعث ذخائر میں بھی کمی ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق ستمبر میں ڈیزل کی قیمتیں 200 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرنے کے بعد کچھ کم ہوئی ہیں، تاہم بینچ مارک قیمتیں خام تیل کے مقابلے میں تقریباً دوگنا سطح پر برقرار ہیں۔ بلند قیمتوں سے اشیا کی لاگت، مہنگائی، معاشی سرگرمیوں اور عوام کی قوتِ خرید متاثر ہو رہی ہے۔عالمی توانائی ایجنسی نے کہا کہ مشرق وسطیٰ سے ڈیزل کی رسد بحال نہ ہوئی تو منڈی میں توازن قائم رکھنے کے لیے طلب میں مزید کمی کرنا پڑ سکتی ہے، جس کی معاشی قیمت بہت زیادہ ہو سکتی ہے۔رپورٹ کے مطابق عالمی تیل کی طلب 2026 میں اوسطاً یومیہ 26 لاکھ بیرل کم ہونے کی پیش گوئی ہے، جبکہ 2027 میں اس میں یومیہ 20 لاکھ بیرل اضافے کا امکان ہے۔
دوسری جانب عالمی تیل کی رسد 2026 میں یومیہ 58 لاکھ بیرل کم ہو کر 10 کروڑ 70 ہزار بیرل رہنے اور 2027 میں یومیہ 77 لاکھ بیرل بڑھنے کی توقع ہے۔ایجنسی نے خبردار کیا کہ خلیجی خطے میں توانائی تنصیبات اور تیل بردار جہازوں پر بڑھتے ہوئے حملے رسد کی بحالی کو متاثر کر سکتے ہیں۔ مشرق وسطیٰ کے تنازعات حل نہ ہونے کی صورت میں آنے والے مہینوں میں عالمی تیل منڈی میں مزید اتار چڑھاؤ کا خدشہ ہے۔








