عالمی شہرت یافتہ کینین ایتھلیٹ اور ورلڈ چیمپئن پیریز جیپچرچیر رواں ماہ ہونے والی مشہورِ زمانہ لندن میراتھن سے دستبردار ہو گئی ہیں۔
عالمی چیمپئن پیریز جیپچرچیرانجری کے باعث لندن میراتھن سے دستبردار

مزید خبریں
لندن۔15اپریل (اے پی پی):عالمی شہرت یافتہ کینین ایتھلیٹ اور ورلڈ چیمپئن پیریز جیپچرچیر رواں ماہ ہونے والی مشہورِ زمانہ لندن میراتھن سے دستبردار ہو گئی ہیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کے مطابق ٹوکیو اولمپکس کی گولڈ میڈلسٹ پیریز جیپچرچیر نے فٹنس مسائل اور تربیت کی کمی کو اپنی دستبرداری کی بنیادی وجہ قرار دیا ہے۔ 32 سالہ پیریز جیپچرچیر گزشتہ سال دسمبر میں والنشیا میراتھن کے دوران سٹریس فریکچر کا شکار ہوئی تھیں۔ اس چوٹ کے باعث ان کی باقاعدہ تربیت کا آغاز تاخیر سے رواں سال جنوری کے آخر میں ہو سکا جس کی وجہ سے وہ اس اہم مقابلے کے لئے درکار مطلوبہ فٹنس حاصل کرنے میں ناکام رہیں۔
اپنے ایک بیان میں پیریز جیپچرچیر کا کہنا تھا کہ لندن میراتھن جیسے بڑے مقابلے میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لئے آپ کا مکمل فٹ ہونا ضروری ہے، لیکن تربیت میں تعطل کی وجہ سے میں فی الحال اس سطح پر نہیں پہنچ سکی ہوں۔واضح رہے کہ پیریز جیپچرچیر نے 2024 کی لندن میراتھن میں دو گھنٹے، 16 منٹ اور 16 سیکنڈز کے ساتھ صرف خواتین کی میراتھن کا عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔ یہ مسلسل دوسرا سال ہے کہ وہ انجری کے باعث اس ایونٹ سے باہر ہوئی ہیں، گزشتہ برس وہ ٹخنے کی چوٹ کی وجہ سے شرکت نہیں کر سکی تھیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل پیرس اولمپکس کی فاتح سیفان حسن بھی ایڑی کی تکلیف کے باعث رواں برس کی ریس سے دستبردار ہو چکی ہیں۔ دو بڑے ناموں کے باہر ہونے سے اب شائقین کی نظریں گزشتہ سال کی فاتح تجسٹ اسیفا پر مرکوز ہو گئی ہیں۔ لندن میراتھن کا یہ بڑا مقابلہ 26 اپریل کو منعقد ہوگا۔








