عالمی یومِ پارلیمان جمہوری اداروں کی مضبوطی، آئینی بالادستی اور عوامی نمائندگی کے عزم کی تجدید کا دن ہے،سینیٹر شیری رحمان

نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عالمی یومِ پارلیمان جمہوری اداروں کی مضبوطی، آئینی بالادستی اور عوامی نمائندگی کے عزم کی تجدید کا دن ہے،

اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عالمی یومِ پارلیمان جمہوری اداروں کی مضبوطی، آئینی بالادستی اور عوامی نمائندگی کے عزم کی تجدید کا دن ہے، پی پی پی نے ہر دور میں پارلیمنٹ کی خودمختاری اور جمہوری تسلسل کے لیے تاریخی کردار ادا کیا ۔ منگل کو عالمی یومِ پارلیمان پراپنے پیغام میں شیری رحمان نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو سیاسی شعور، آئینی حقوق اور پارلیمانی بالادستی کا راستہ دکھایا،محترمہ شہید بینظیر بھٹو نے بھی جمہوریت کی بحالی اور عوام کے حقِ حکمرانی کے لیے بے مثال قربانیاں دیں۔انہوں نے کہا کہ مضبوط پارلیمان ہی عوامی امنگوں کو قانون سازی اور قومی پالیسی میں مؤثر انداز سے ڈھال سکتی ہے، اختلافِ رائے کا احترام، مکالمہ اور آئینی راستہ ہی جمہوری معاشروں کی اصل قوت ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ خواتین، نوجوانوں اور تمام طبقات کی بامعنی شمولیت سے ہی جمہوری نظام مزید مستحکم ہو سکتا ہے، پیپلز پارٹی عوامی حقوق، آئین کی سربلندی اور جمہوری اقدار کے فروغ کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے۔شیری رحمان نے کہا کہ عالمی سطح پر پارلیمانوں کے درمیان تعاون، باہمی احترام اور مشترکہ کاوشیں پائیدار امن کی بنیاد ہیں۔