وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان کا سعودی عرب میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کی استقبالیہ تقریب سے خطاب

عام انتخابات میں نواز شریف انتخابی مہم کی قیادت کرینگے، سعودی عرب پاکستان کا بہترین برادر ملک ہے جس نےمشکل ترین حالات میں پاکستان کی فراخدلانہ مدد کی، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان کا سعودی عرب میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کی استقبالیہ تقریب سے خطاب

جدہ۔16اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں سابق وزیراعظم نواز شریف انتخابی مہم کی قیادت کریں گے، سعودی عرب پاکستان کا بہترین دوست اور برادر ملک ہے جس نےمشکل ترین حالات میں پاکستان کی فراخدلانہ مدد کی، ہماری اتحادی حکومت نے پاکستان کو معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچایا،وزیراعظم شہباز شریف کی زیر قیادت ہماری حکومت پاکستان کو جلد معاشی بحران سے نکال لے گی، اپنی سیاست دائو پر لگا کر ملکی مفاد میں سخت ترین فیصلے کئے جس کا بوجھ عوام پر بھی پڑا۔

وہ منگل کو سعودی عرب میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کی استقبالیہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔استقبالیہ تقریب میں بڑی تعداد میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے شرکت کی۔سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر عامر خرم راٹھور اور قونصل جنرل خالد مجیدنے بھی تقریب سے خطاب کیا۔

وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے اپنے خطاب میں تقریب کے شرکاء کو ملک کو درپیش سیاسی اور معاشی چیلنجز سے آگاہ کیا۔وزیر داخلہ نے اتحادی حکومت کی جانب سے ملکی معاشی اصلاحات اور استحکام کی کوششوں سے متعلق شرکاء کو اعتماد میں لیا۔وزیر داخلہ نے اپنے خطاب میں یقین دلایا کہ ان کی جماعت مسلم لیگ (ن) اوورسیزپاکستانیوں کی بہتری کیلئے اقدامات کررہی ہے۔

تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ مشکل وقت گذر چکا،پاکستان اب معاشی اور سیاسی استحکام کی طرف گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدے کی خلاف ورزی کرکے ملک دشمنی کی،آئی ایم ایف سے معاہدے کی تجدید میں تاخیر عمران خان حکومت کی یہی وعدہ خلافیاں ہیں، آئی ایم ایف سے مالی معاہدے کی تجدید ملکی معیشت اور استحکام کےلئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک عمرانی فتنے، فساد اور سیاسی انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ 25 مئی کو آئین کی دی گئی طاقت سے ملک میں ریاستی عملداری قائم کی۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی،انتخابات وقت مقررہ پر ہونگے،حکومت مہنگائی میں بتدریج کمی کیلئے اقدامات کر رہی ہے،عوام کوریلیف دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ قائدمسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف آئندہ انتخابات میں جماعت کی قیادت کریں گے، مسلم لیگ (ن) سے زیادہ کسی بھی دوسری سیاسی جماعت نے اوورسیز پاکستانیوں کے مفاد میں فیصلے نہیں لئے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی ہمارا بہترین قومی اثاثہ ہیں،ان کی ترسیلات سے ہی معیشت میں استحکام ہے، بیرون ممالک مقیم پاکستانی اندرون ملک بسنے والے شہریوں سے کہیں زیادہ وطن سے محبت کرنے والے ہیں، بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے نادرا ، پاسپورٹ اور دیگر سہولیات میں آسانیاں پیدا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ای پاسپورٹ کی سہولت کا دائرہ کار عام پاکستانی پاسپورٹ کے اجراء تک بڑھایا جا رہا ہے،ای پاسپورٹ سے عام پاکستانی شہریوں کیلئے بھی امیگریشن اور ویزا سہولیات میں آسانی پیدا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم تمام پاکستانی شہری ووٹ دینے کے اہل ہیں، ضروری قانون سازی کردی ہے،بیرون ملک پاکستانیوں کے ووٹ ڈالنے کےطریقہ کار کو حتمی شکل دے رہے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کو آئندہ انتخابات میں یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے پاکستان کی مشکل ترین حالات میں ہمیشہ مدد کی ہے،پاکستانی ورکرز اور پروفیشنلز کو ملازمت کے مواقع فراہم کرنے پر ہم سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں۔تقریب کے اختتام پہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے وزیر داخلہ سے سوالات و جوابات کا ایک سلسلہ بھی کیا۔وزیر داخلہ نے ان کےسوالات کے جواب دئیے۔ بیرون ملک پاکستانیوں کو ان کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ۔