کراچی۔ 06 فروری (اے پی پی):الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں چوکیداروں کی بطور پریزائیڈنگ افسران تعیناتی کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔دفتر صوبائی الیکشن کمشنر سندھ، کراچی سے منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق میڈیا کے بعض حلقوں میں کچھ جگہوں پر عام انتخابات 2024میں چوکیداروں کی بطور پریزائیڈنگ افسران تعیناتی پر الیکشن کمیشن آف پاکستان واضح کرتا ہے کہ ایسی کسی بھی تعیناتی کی خبر بالکل بے بنیاد ہے،
اس بات کو واضح کیا جاتا ہے کہ کسی بھی پولنگ سٹیشن پر پریزائیڈنگ افسر کی تعیناتی اس متعلقہ افسر کے قوائد جیساکہ شناختی کارڈ و موبائل نمبر وغیرہ کی رجسٹریشن ای ایم ایس سسٹم پر مکمل کرنے کے بعد ہی کی جاسکتی ہے ، اس قسم کی پھلائی جانے والی تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔
کچھ لوگ اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے کے لیے جعلی ڈیوٹی آرڈر تیار کرکے میڈیا کے کچھ حلقوں میں دے کر سنسنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، اس سلسلے میں تمام صحافی حضرات سے گزارش ہے کہ اس قسم کی خبر نشر کرنے سے پہلے اس کی مکمل تصدیق ضرور کریں۔