سیالکوٹ۔6نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی سیالکوٹ کا اجلاس ڈی سی آفس کمیٹی روم میں منعقدہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےمعاون خصوصی وزیر اعظم پاکستان عثمان ڈار نے کہا کہ شہر میں اربوں روپے کی لاگت سے سیوریج اور واٹر سپلائی کی سکیمز پر کام جاری ہے، ان منصوبوں میں معیار کو یقینی بنایا جارہا ہے،ترقیاتی منصوبوں کی وجہ سے شہر کی سڑکوں کی کھدائی کی گئی ہے،
اس سے ٹریفک کا نظام متاثر ہوا ہے، ہمیں شہریوں کی مشکلات کا پورا ادارک ہے تاہم شہر کے درینہ مسائل کے حل کیلئے ان منصوبوں کو عملی جامہ پہنائے کیلئے ان مشکلات کو برداشت کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان سیالکوٹ میں جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے بریفنگ لیں گے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے شہر میں ٹریفک کے متبادل پلان تشکیل دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی رہنمائی کےلئے سائن بورڈ آویزاں کئے جائیں۔صوبائی معاون خصوصی احسن بریار نے پسرور روڈ پر کام کی رفتار بڑھانے کیلئے گیپکو کی تنصیات کی منتقلی کو تیز کیا جائے تاکہ منصوبہ جلد از جلد پایہ تکمیل کو پہنچ سکے۔
صوبائی وزیر اسپیشل ایجوکیشن چودھری محمد اخلاق نے کہا کہ ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنانے کیلئے ٹریفک پولیس متحرک ہو۔انہوں کہا کہ کشمیر روڈ سمیت تمام اہم روڈز پر تجاوزات کا سدباب ٹریفک پولیس کی ذمہ داری ہے ،اس کا مقصد ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانا ہے۔ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ طاہر فاروق نے سیالکوٹ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے بریفنگ دی اور شہر میں ٹریفک مینجمنٹ کیلئے کی جانے والی کاوشوں کے بارے آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ سیالکوٹ کو کوٹہ کے مطابق چینی 9ہزار 500میٹرک ٹن ہے۔ تمام بڑے اسٹورز پرچینی 90 روپے فی کلو گرام کے حساب سے دستیاب ہے
، سبسڈی پر چینی کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے 6 ایف آئی آرز اور ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانے کئے ہیں۔اجلاس میں صوبائی وزیر سپیشل ایجوکیشن سیالکوٹ چودھری محمد اخلاق،معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری احسن سلیم بریار، رہنماپاکستان تحریک انصاف ڈاکٹر فردوس اعوان، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ طاہر فاروق،چودھری غلام عباس،عمر مائر،شاہنواز چیمہ، ادریس چیمہ، عظیم نوری گھمن، دلاور بیگ،قمر عباس چاند، میاں اعجاز ،ڈی ایس پی رانا طارق،ڈی ایس پی ٹریفک ریاض بٹ، ڈی ایس پی پیٹرولنگ طاہر گوندل،ڈی ایس پی رانا زاہد، سی ای او ایجوکیشن مقبول شاکر،ڈی ڈی ڈویلپمنٹ عبدالرؤف اورایکسین پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ عبدالوحید بھی موجود تھے۔