مسجد الحرام میں خانہ کعبہ کو غسل دینے کی سالانہ اور انتہائی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی نمائندگی کرتے ہوئے مکہ مکرمہ کے گورنر، شاہی خاندان کے ارکان، حرمین شریفین کے اعلیٰ حکام اور اسلامی ممالک کے سفیروں نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز گورنر مکہ اور دیگر معززین کی مسجد الحرام آمد سے ہوا جہاں انہوں نے سب …
عرقِ گلاب اور آبِ زمزم سے خانہ کعبہ کو غسل دیدیا گیا
خرم شہزاد
مکہ مکرمہ ۔30جون (اے پی پی):مسجد الحرام میں خانہ کعبہ کو غسل دینے کی سالانہ اور انتہائی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی نمائندگی کرتے ہوئے مکہ مکرمہ کے گورنر، شاہی خاندان کے ارکان، حرمین شریفین کے اعلیٰ حکام اور اسلامی ممالک کے سفیروں نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز گورنر مکہ اور دیگر معززین کی مسجد الحرام آمد سے ہوا جہاں انہوں نے سب سے پہلے بیت اللہ کا طواف کیا اور حجر اسود کو بوسہ دیا جس کے بعد کلید برداروں کے تعاون سے بیت اللہ کا تاریخی دروازہ کھولا گیا۔بیت اللہ کے اندرونی حصے کو دھونے کے لئے حرمین شریفین کی انتظامیہ کی جانب سے خاص طور پر تیار کردہ عرقِ گلاب، قیمتی عود اور آبِ زمزم کا مرکب استعمال کیا گیا۔
معززین نے اپنے ہاتھوں سے کعبہ کی اندرونی دیواروں اور فرش کو سفید کپڑوں اور کھجور کے پتوں کی مدد سے صاف کیا اور خوشبوؤں سے معطر کیا۔ یہ روح پرور تقریب فتح مکہ کے موقع پر نبی کریم ﷺ کی جانب سے کعبہ کو غسل دینے کی ابدی سنت کی یاد میں ہر سال عقیدت و احترام سے منعقد کی جاتی ہے۔جس وقت خانہ کعبہ کے غسل کی تقریب جاری تھی، مطاف میں موجود ہزاروں عمرہ زائرین اور نمازی اس مقدس منظر کو دیکھ کر اشکبار ہو رہے تھے اور پوری مسجد الحرام عود و گلاب کی خوشبو سے مہک اٹھی۔ حرمین شریفین کے امور کے سربراہ نے اس موقع پر امتِ مسلمہ کی امن، سلامتی اور اتحاد کے لئے خصوصی دعائیں مانگیں۔ تقریب کے باوقار اختتام پر کعبہ کے دروازے کو دوبارہ روایتی طور پر مقفل کر دیا گیا۔









