اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہاہے کہ علاقائی تجارتی اورمعاشی مرکز بننے کیلئے پاکستان کو اقتصادی راہداریوں کو تیار کرناہوگا۔ یہ بات ایشیائی ترقیاتی بینک کے ایک حالیہ بلاگ میں کہی گئی ہے، ایشیائی ترقیاتی بینک کاکہنا ہے کہ 220 ملین کے قریب آبادی اور جنوبی، وسطی اور مغربی ایشیا کے سنگم پر سٹریٹجک محل وقوع مقام کے ساتھ پاکستان علاقائی اقتصادی مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے تاہم اس صلاحیت کے ادراک کیلئے معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے ۔ علاقائی تجارتی اورمعاشی مرکز بننے کیلئے اقتصادی راہداریوں کو تیار کرناہوگا ۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کاکہنا ہے کہ اہم شعبوں میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات، کاروباری اداروں کے لیے قواعد و ضوابط اور ٹیکسوں کو معقول بنانا ، تجارتی سہولیات اور رسد کو بہتر بنانا پاکستان کی اقتصادی ترقی کو تیز کرنے میں اہم ہیں۔ ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہاہے کہ کاریک پروگرام میں شامل ممالک کے ساتھ رابطہ کاری میں اضافہ کے زریعہ پاکستان اپنے اہم سٹریٹججک مقامات سے استفادہ کرسکتاہے۔
اس سے پاکستان اوراس کے پڑوسی ممالک کے درمیان علاقائی سرحدی تجارت میں اضافہ ہوگا۔ایشیائی ترقیاتی بینک کا مزیدکہنا ہے کہ قوانین کومعقول بنانے، تجارتی آسانیوں، ٹیکس کے بہترنظام اورتجارت کے حوالہ سے لاجسٹک میں سہولیات میں اضافہ سے پاکستان تیزتراقتصادی نموکی منزل حاصل کرسکتاہے۔