علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سیالکوٹ میں اسماء النبی ﷺ کے عنوان سے خصوصی پروگرام کا انعقاد

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ریجنل کیمپس سیالکوٹ میں ’’اسماء النبی ﷺ‘‘ کے عنوان سے خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے مبارک اسماء، اوصاف، سیرتِ طیبہ اور حیاتِ مبارکہ کے مختلف روشن پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی گئی

سیالکوٹ ،25 اگست (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ریجنل کیمپس سیالکوٹ میں ’’اسماء النبی ﷺ‘‘ کے عنوان سے خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے مبارک اسماء، اوصاف، سیرتِ طیبہ اور حیاتِ مبارکہ کے مختلف روشن پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سیالکوٹ چوہدری حسن صفتیں چیمہ نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی سیرتِ طیبہ پوری انسانیت کے لیے ہدایت، محبت، اخوت، برداشت، عدل اور حسنِ اخلاق کا عملی نمونہ ہے اور آپ ﷺ کے مبارک اسماء و اوصاف کا تذکرہ ایمان کو تازگی اور دلوں کو محبتِ رسول ﷺ سے منور کرتا ہے۔ریجنل ڈائریکٹر چوہدری حسن صفتیں چیمہ نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی تعلیم کے فروغ کے ساتھ طلبہ کی اخلاقی، فکری اور دینی تربیت کو بھی خصوصی اہمیت دیتی ہے، اسی مقصد کے تحت ریجنل کیمپس سیالکوٹ میں سیرت النبی ﷺ اور اسلامی تعلیمات سے متعلق پروگراموں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں نوجوان نسل کو سیرتِ رسول ﷺ کے پیغام سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ آپ ﷺ کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنا کر معاشرے میں امن، محبت، رواداری، بھائی چارے اور انسانی اقدار کے فروغ میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ’’اسماء النبی ﷺ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ پروگرام کے ذریعے شرکاء کو نبی کریم ﷺ کے مبارک ناموں اور صفات کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ سیرتِ طیبہ ﷺ ہمارے لیے زندگی کے ہر شعبے میں بہترین رہنمائی فراہم کرتی ہے۔ آپ ﷺ نے انسانوں کے درمیان عدل و مساوات، رحم و کرم، صبر و تحمل، حسنِ سلوک اور احترامِ انسانیت کی تعلیم دی، جن پر عمل پیرا ہو کر معاشرے میں حقیقی امن اور بھائی چارہ قائم کیا جا سکتا ہے۔ریجنل ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ یونیورسٹی میں طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ان کی کردار سازی اور مثبت معاشرتی اقدار کے فروغ پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے دینی و فکری پروگرام نوجوانوں میں اسلامی شعور اجاگر کرنے اور انہیں سیرتِ رسول ﷺ کے عملی پیغام سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے پروگرام کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ محبتِ رسول ﷺ ہمارے ایمان کا بنیادی حصہ ہے اور ہمیں اپنی زندگیوں میں آپ ﷺ کی تعلیمات اور اسوۂ حسنہ کو اپنانے کی بھرپور کوشش کرنی چاہیے۔

 

مزید خبریں