اسلام آباد۔21مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائےمنصوبہ بندی و ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات اسد عمر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کی وباء سے بچائو کیلئے تمام قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کریں کیونکہ کورونا وائرس کے پھیلائو کی موجودہ تیسری لہر گزشتہ لہر کی نسبت زیادہ جان لیوا ہے۔
انہوں نے کہاکہ کورونا سے متاثرہ افراد میں بیماری کی علامات ظاہر ہونے میں چند روز لگتے ہیں۔کورونا وائرس کی ویکسی نیشن کے موثر ہونے کے بارے میں افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ لوگوں کو کورونا وائرس سے بچائو کی ویکسین لگوانی چاہئیے کیونکہ برطانوی طرز کے وائرس کی لہر پہلے کے مقابلے میں زیادہ آسانی اور تیزی سے پھیل رہی ہے ۔