عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور بہتر معیار زندگی حکومت کی اولین ترجیح ہے،وفاقی وزیر سردار محمد یوسف

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور معیار زندگی میں بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے ،اس مقصد کے لیے علاقے کی پائیدار ترقی اور عوامی فلاح کے عملی اقدامات جاری ہیں۔

مانسہرہ۔ 31 اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور معیار زندگی میں بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے ،اس مقصد کے لیے علاقے کی پائیدار ترقی اور عوامی فلاح کے عملی اقدامات جاری ہیں۔

سرکٹ ہاؤس مانسہرہ میں حلقہ این اے 14 کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کے خصوصی ڈیڑھ ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کے تحت جاری منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے متعلقہ حکام کو کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی جبکہ پاکستان انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے افسران نے منصوبوں کی پیشرفت،رفتار تعمیر اور دیگر امور پر وفاقی وزیر کو بریفنگ دی۔

حکام نے بتایا کہ پیکیج کے تحت تمام منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں جن میں بجلی کی فراہمی،سیوریج سسٹم،رابطہ سڑکوں کی تعمیر و بحالی،گلیوں کی پختگی اور دیگر بنیادی سہولیات کے منصوبے شامل ہیں۔ سردار محمد یوسف نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں غفلت یا تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بالائی علاقوں میں جاری منصوبے موسم سرما کے آغاز سے قبل مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو بروقت سہولیات فراہم ہو سکیں۔