عوام کو سہولیات کی دہلیز پر فراہمی انتہائی ضروری ہے، گورنر خیبرپختونخوا

عوام کو سہولیات کی دہلیز پر فراہمی انتہائی ضروری ہے، گورنر خیبرپختونخوا

پشاور۔ 11 ستمبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ڈائریکٹر جنرل نادرا خیبرپختونخوا خالد عنایت اللہ خان اور قائم مقام زونل ہیڈ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ فرحان شہزاد نے گورنر ہاوس پشاور میں الگ الگ ملاقات کی ۔گورنر ہاوس پشاور تر جمان کے مطابق ملاقات میں ڈیرہ اسماعیل خان میں نادرا بلڈنگ کی اراضی کی منتقلی میں ہونے والی پیش رفت سے بھی گورنر کو آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ 26 سیٹیزن فسیلیٹیشن سنٹرز کا جلد ہی افتتاح کیا جائے گا۔ گورنر نے ڈیرہ اسماعیل خان کے بڑے دیہی علاقوں میں نادرا کی سہولیات کا دائرہ وسیع کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے لیے ہرممکن سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہے اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ملاقات میں کرم میں نادرا کے حوالہ سے عوامی مشکلات کے ازالہ کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔قائم مقام زونل ہیڈ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے ملاقات میں گورنر کو صوبہ میں محکمہ پاسپورٹ کی سہولیات کے حوالہ سے بریفنگ دی۔گورنر کو بتایا گیا کہ نادرا کے تمام دفاتر میں پاسپورٹ کی سہولیات کی فراہمی مرحلہ وار شروع ہوگئی ہے ابتدائی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں جن کا دائرہ کا مرحلہ وار بڑھایا جائے گا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی دہلیز پر فراہمی انتہائی ضروری ہے۔